The Latest

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس مولانا صادق جعفری کی سربراہی میں وحدت سیکرٹریٹ سولجربازار میں منعقد کیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوے مولانا صادق جعفری نے کہا کہ بلوچستان سے زائرینِ امام حسینؑ پر زمینی راستے سے کربلا جانے پر پابندی ایک ناقابلِ قبول اقدام ہے۔ یہ پابندی مذہبی آزادی، شہری مساوات، اور آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ریاست اگر سیکیورٹی دینے سے قاصر ہے تو یہ اس کی ناکامی کا اعتراف ہے۔یہ فیصلہ دشمنوں کے اس بیانیے کو تقویت دیتا ہے کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ امتیاز روا رکھا جا رہا ہے۔ اور بلوچستان جیسے اہم صوبے میں ریاستی رٹ قائم نہیں،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پابندی کو فی الفور واپس لیا جائے اور زائرین کو محفوظ، باعزت اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔اربعین حسینی کوئی سیاسی مارچ نہیں، بلکہ عشقِ حسینؑ کا کارواں ہے، جو کسی رکاوٹ کو نہیں مانتا۔اس موقع پر علامہ مبشر حسن ،مولانا حیات عباس و دیگر زمہ داران موجود تھے ۔

رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکومتی ناقص داخلی و خارجی پالیسیاں دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بن رہی ہیں ۔حکومت کی جانب سے زائرین کو سہولیات ،آسانیان پیدا کرنے کے دعوے کئے جاتے ہیں دوسری جانب زیارت پر جانے والوں پر ہی پابندی لگا دی گئی ہے اس دوغلی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کا ان حکمرانوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے ۔پاکستان سے ہر سال لاکھوں زائرین اربعین امام حسین علیہ السلام زیارت کیلئے عراق جاتے ہیں اور ان کو ریاست کی جانب سے کوئی سفری سہولیات فراہم نہیں کی جاتی سوائے ویزہ فراہم کرنے کے ان کی سفری آسانیوں کیلئے مکتب جعفریہ کے مختلف ادارے ملک کے مختلف شہروں میں اور بارڈرز پر عارضی انتظامات کئے جاتے ہیں جس میں زائرین کے کھانے پینے، عارضی آرام گاہوں اور طبی سہولیات دی جاتی ہیں ایک ایسے موقع پر جبکہ اربعین زیارت پر جانے والے عزاداروں نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور فی زائر لاکھوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ایسے موقع پر پابندی کسی صورت بر داشت نہیں کی جائے گی ۔حکومت زائرین کو تحفظ فراہم کرے اور زمینی سفر کرنے والوں پر سے پابندی کو فوراً ہٹایا جائے ورنہ ملک گیر احتجاج کی کال دی جائے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)اربعین کے موقع پر زمینی بارڈر کی بندش کے حوالے سے قائدِ وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے چیئرمین، سینیٹر مولانا عطاءالرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔انہوں نے موجودہ صورتِ حال پر گہرے تحفظات اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زائرین کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

سینیٹر مولانا عطاءالرحمان نے معاملے کو اعلیٰ سطح پر اُٹھانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے زمینی راستے بند کرنے کا کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے اس معاملے پر بھرپور تعاون کا وعدہ کرتے ہوئے جلد وزیرِ مذہبی امور سے ملاقات کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے! زائرین کو زیارت سے روکنا ان کے مذہبی اور آئینی حق کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ زیارت ہمارے لیے صرف سفر نہیں، بلکہ عبادت ہے۔ اگر زمینی راستہ بند ہے تو حکومت متبادل راستہ اور سہولیات فراہم کرے، نہ کہ لوگوں کو عبادت سے محروم کرے۔ ‏یہ فیصلہ نہ صرف دینی جذبات کو مجروح کر رہا ہے بلکہ ہزاروں زائرین کے اربوں روپے کے مالی نقصانات کا بھی باعث بن رہا ہے۔ سفری تیاریوں، ٹکٹوں، ہوٹل بکنگ اور ویزہ فیسوں میں لگنے والے یہ وسائل ضائع ہو رہے ہیں، جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‏ایسے غیر دانشمندانہ اقدامات پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ناامن ریاست کے طور پر پیش کرتے ہیں، جس سے بھارت اور اسرائیل جیسے دشمن ممالک کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے۔ ‏ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کے لیے فوری طور پر راستے کھولے جائیں، سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے مذہبی جذبات اور مالی تحفظ کا احترام کیا جائے۔

وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری جناب شبیر ساجدی نے اربعینِ حسینی کے موقع پر پاکستان سے زمینی راستے کے ذریعے ایران اور عراق جانے والے زائرین پر عائد پابندی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس حکومتی اقدام کو افسوسناک اور عوامی جذبات سے متصادم قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال لاکھوں عاشقانِ امام حسینؑ بااخلاص جذبے اور ایمانی حرارت کے ساتھ اربعین میں شرکت کے لیے کربلا کا رخ کرتے ہیں، اور ان کے لیے زمینی راستہ نہ صرف زیادہ سہولت کا باعث ہوتا ہے بلکہ کم آمدنی والے طبقات کے لیے واحد ممکن راستہ بھی ہے۔ ایسے میں حکومت کا یہ فیصلہ محروم طبقات کے لیے ایک شدید رکاوٹ بن کر سامنے آیا ہے۔

شبیر ساجدی نے کہا کہ اگر بلوچستان کے راستوں پر سیکورٹی کے خدشات ہیں تو یہ ذمہ داری ریاستی اداروں کی ہے کہ وہ امن و امان قائم کریں، نہ کہ راستے بند کر کے ذمہ داری سے پہلوتہی اختیار کریں۔ انہوں نے وزیر داخلہ جناب محسن نقوی اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ زائرینِ اربعین کے لیے زمینی راستوں کو فی الفور بحال کیا جائے اور بلوچستان سمیت تمام روٹس پر سیکورٹی کو مؤثر بنایا جائے تاکہ زائرین باوقار اور محفوظ طریقے سے اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر ملت جعفریہ میں شدید بےچینی پائی جاتی ہے، اور حکومت کو چاہیے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زائرین کے جذبات کا احترام کرے اور فوری طور پر اس فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

وحدت نیوز(گلگت)اپوزیشن لیڈرگلگت بلتستان اسمبلی وپارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماضی میں مختلف حکومتوں نے چہلم کربلا کو روکنے کی کوششیں کی تھی ان حکومتوں کا بدترین انجام دیکھ لیں اور وفاقی حکومت عبرت حاصل کریں۔ بائی روڈ چہلم کربلا کو روکنے کی خبر جہاں ایک مکتب فکر کی عبادت میں خلل ڈالنے کی کوشش ہے وہیں سکیورٹی اداروں کی ناکامی کا اعلان ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ یہ بتائیں کہ کیا پاکستان کے تمام صوبوں میں عام شہری کے لیے فری موومنٹ ممکن ہے کہ نہیں؟

کیا سٹیٹ کی رٹ پورے ملک میں ہے کہ نہیں ؟ پورا بلوچستان تو ایک ایس ایچ او کی مار تھی، آج سکیورٹی کا بہانہ بناکر قافلہ کربلا کو روکنے کی کوششیں ہو رہیں۔ ہم اس فیصلے کو نہ صرف رد کرتے ہیں بلکہ اسے وفاقی حکومت کی بدترین ناکامی اور شرمناک عمل سے تعبیر کرتے ہیں۔ قافلوں کے لیے سکیورٹی کا انتظام کرنے کی بجائے سکیورٹی رسک کے نام پر قافلہ روکنا ناانصافی اور ظلم ہے۔

کیا سکیورٹی رسک کے نام پر جشن آزادی کی تقریبات بھی روک دیں گے؟ ایسی حماقت کرنے والی حکومت عوامی حکومت ہو ہی نہیں سکتی۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں ملک کی شاہراہیں،تمام بارڈرز اور عبادت گاہیں بند کرنے کی بجائے ان پر سکیورٹی کو یقینی بنائی جائے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر ہر سال پاکستان سے لاکھوں عاشقانِ اہل بیتؑ کربلا کا بائے روڈ سفر کرتے ہیں، جو امام حسین علیہ السلام سے ان کی والہانہ عقیدت اور عشق کی علامت ہے۔مگر افسوس کی بات ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے زائرین کے بائے روڈ سفر پر پابندی کا بیان دیا گیا زائرین کے بائے روڈ سفر پر پابندی قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔زائرین کے لیے محفوظ راستے اور مناسب سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، جبکہ یہاں حکومت خود ہی ان کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔


"انہوں نے کہا کہ: تعجب ہے کہ سکھ یاتریوں کے لیے حکومت خصوصی انتظامات کرتی ہے، وزراء ان کے استقبال کے لیے موجود ہوتے ہیں، مگر نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اہل بیت پیغمبر علیہم السلام کے روضوں کی زیارت کے لیے جانے والے زائرین کو مسلسل روکا جا رہا ہے، انہیں تنگ کیا جاتا ہے اور ان پر سفری پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔"انہوں نے حکومت پاکستان کو متنبہ کیا کہ وہ زائرین کے مسائل کے حل کی جانب فوری طور پر سنجیدگی سے توجہ دے۔ اگر اس مقدس سفر پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو ملت جعفریہ بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان  کے چیف آرگنائزر سید ناصر عباس شیرازی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان بھر سے ہزاروں زائرین ہر سال اربعین کے موقع پر براستہ سڑک ایران و عراق کا سفر کرتے ہیں۔ اس سفری روایت پر اچانک پابندی لگانا نہ صرف عوامی جذبات سے کھلواڑ ہے بلکہ انتظامی نااہلی کا کھلا ثبوت بھی ہے۔ زائرین کے اربوں روپے جو ویزہ، ٹرانسپورٹ اور دیگر تیاریوں پر خرچ ہو چکے ہیں اس نقصان کا ذمہ دار کون ہو گا۔۔؟ مسائل و مشکلات پر قابو پانے کے اقدامات اٹھانے کی بجائے الٹا عوام کو انکے مذہبی حق سے روک دینا سراسر نااہلی اور ناکامی ہے، اس غیر دانشمندانہ فیصلے سے ریاستی رٹ مزید کمزور ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اب سوال یہ ہے کہ حال ہی میں ایران، عراق اور پاکستان کے سہ ملکی اربعین اجلاس میں پاکستانی حکام کی جانب سے کیے گئے وعدے کہاں گئے؟ کیا وہ صرف کاغذی دعوے تھے؟ اگر حکومت نے سفری سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا تو اب پیچھے ہٹنے کا جواز کیا ہے؟ یہ پابندی محض ایک انتظامی فیصلہ نہیں، بلکہ لاکھوں عقیدت مندوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ زائرین کی راہ میں کھڑی کی گئی رکاوٹیں کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔

وحدت نیوز(شکارپور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے کورٹ کچہری اور آئینی و قانونی معاملات میں ملت جعفریہ کے وکلاء کا کردار نہایت اہم اور قابل تحسین ہے۔ عزاداری امام حسین علیہ السلام اور ذکر اہل بیت علیہم السلام کے خلاف ناصبی دشمن مقدمات قائم کرکے ہمارے جوانوں کو جعلی مقدمات میں الجھا رہا ہے۔ ایسے میں شیعہ وکلاء آگے بڑھ کر دین مذہب اور ملت کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم ضلع شکارپور کے ضلعی رہنماء کامران علی دل کے چچا کی وفات پر ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ورثاء سے تعزیت کی اور مرحوم کے بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے قانونی مشیر ایڈوکیٹ مظہر حسین منگریو، سنگار علی صفوی، برادر کامران علی دل اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جس طرح ایڈوکیٹ مظہر علی منگریو نے شکارپور میں ملت کے مقدمات کی پیروی بہادری، جرأت اور استقامت سے کی ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ ملک بھر میں ہمارے وکلاء کو منظم ہو کر ملت کے عزت و وقار اور قومی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ قبل ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی نے آل ڈومکی اتحاد کی جانب سے منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی آئی پی کے ضلعی صدر منصب علی ڈومکی، رحم دل ٹالانی استاد محمد رفیق اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ انہوں نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدمتِ انسانیت بہترین عبادت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر مذہبی رواداری اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیں تاکہ ایک پرامن، منصفانہ اور باوقار معاشرہ قائم ہو۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کا اجلاس صوبائی آرگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی کی زیرصدارت ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں مجلس علمائے مکتب اہلیبیت، عزاداری ونگ اور یوتھ ونگ کے صوبائی اور ڈویژنل مسئولین نے شرکت کی، اجلاس میں صوبائی ورکنگ کمیٹی کے اراکین علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا سید فرخ مہدی، صفدر حسین خان، سید علی رضا زیدی، سید انعام حیدر زیدی، ثقلین نقوی، سید ندیم عباس کاظمی، سید جواد رضا جعفری، احسان حیدر، صوبائی صدر عزاداری ونگ جنوبی پنجاب انجینئر سخاوت علی سیال، عون رضا انجم ایڈووکیٹ، احسن مہدی، ملک عامر عباس بھٹہ، وحدت یوتھ ملتان کے ڈویژنل صدر رانا تیمور، ملک حسنین عباس، حسن رضا حیدری، حیدر شاہ، بہاولپور وحدت یوتھ کے ڈویژنل صدر سید عماد جاوید، سید عتیق شاہ، مجلس علمائے مکتب اہلیبیت جنوبی پنجاب کے نائب صدر مولانا سید سلطان احمد نقوی، علامہ سید طاہرعباس گردیزی، مولانا حسین مہدی، ورکنگ کمیٹی لیہ کے ممبر ساجد حسین خان گشکوری سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ ونگز کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں شریک رہنمائوں نے اس طرح کے اجلاس اور ملاقاتوں کو خوش آئند قرار دیا، اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں اس کی کمی محسوس کی گئی، صوبائی آرگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی نے اس کمی کو پورا کیا اور پورے سیٹ اپ کو جمع کردیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے خلاف بنائے گئے بے بنیاد مقدمات کے خلاف مکمل قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے بائی روڈ زائرین کے ایران عراق داخلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، رہنمائوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اگر حکومت کالعدم تنظیموں اور دہشتگردوں کا مقابلہ نہیں کر سکتی تو ٹی وی چینلز پر بڑھکیں مارنا چھوڑ دے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ سید حسن ظفر نقوی نے ملتان میں وحدت یوتھ ملتان ڈویژن کے زیرانتظام ادارہ آر این آئی ٹی سینٹر کا دورہ کیا، اس موقع پر مرکزی صدر ایمپلائز ونگ سلیم عباس صدیقی، ڈویژنل صدر یوتھ ونگ رانا تیمور، حاذق منیر اور دیگر رہنما موجود تھے۔ اس موقع پر ڈویژنل صدر رانا تیمور نے مرکزی جنرل سیکرٹری کو ادارے کی کارکردگی، فعالیت اور اس میں جاری کورسز کے حوالے سے بریفنگ دی، علامہ سید حسن ظفر نقوی نے نوجوانوں کی فلاح و ترقی کے لیے جاری کمپیوٹر کورسز کے اقدامات کو سراہا اور ادارے کی مزید بہتری و کامیابی کے لیے دعائے خیر کی۔

Page 4 of 1576

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree