حکومت پر لازم ہے کہ وہ زائرین سے کیے گئے وعدوں پر فوری عملدرآمد کرے تاکہ زائرین امام حسینؑ بروقت کربلا روانہ ہو سکیں، علامہ مقصود ڈومکی

09 August 2025

وحدت نیوز(حب) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی علامہ سید ظفر عباس شمسی اور علامہ برکت علی مطہری کا ضلع حب کا ایک روزہ تنظیمی دورہ، زائرین مارچ میں تعاون پر اہلِ حب کو خراجِ تحسین

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے صوبائی رہنماؤں علامہ سید ظفر عباس شمسی اور علامہ برکت علی مطہری کے ہمراہ ضلع حب کا ایک روزہ تنظیمی دورہ کیا۔

اس موقع پر وفد نے مرکزی امام بارگاہ حب میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر سید قربان علی شاہ رضوی، ضلعی کابینہ کے اراکین اور مومنین کرام سے ملاقات کی۔ رہنماؤں نے زائرین مارچ کی حمایت اور استقبال کی تیاریوں پر اہلِ حب کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: مومنین نے زائرین مارچ کی حمایت کی، میڈیا مہم چلائی اور قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا  ساتھ دیا۔ اللہ تعالیٰ نے ایک بار پھر ملت کو سرخرو کیا قائد وحدت اور زائرین مارچ کے شرکاء کے خلوص کے سبب جدوجہد کو عزت و وقار کی کامیابی نصیب فرمائی۔"

انہوں نے کہا کہ: "ملت جعفریہ کی دو ملک گیر نمائندہ جماعتوں کا اہم قومی امور پر مل بیٹھنا ایک دوسرے کا احترام اور باہمی مشاورت اور اشتراک عمل ملت کے لیے خوشی و امید کا پیغام ہے۔ حکومت نے زائرین سے متعلق ایک معاہدہ کیا ہے۔ اب حکومت پر لازم ہے کہ وہ زائرین سے کیے گئے وعدوں پر فوری عملدرآمد کرے تاکہ زائرین امام حسینؑ بروقت کربلا روانہ ہو سکیں۔"

علامہ ڈومکی نے بطور رکن زائرین کمیٹی یقین دلایا کہ: "زائرین کمیٹی کی جانب سے زائرین کرام کی مشکلات کے حل اور حکومتی معاہدات پر عملدرآمد کے لیے بھرپور کوششیں جاری رہیں گی۔"

صوبائی رہنما علامہ سید ظفر عباس شمسی نے اپنے خطاب میں بلوچستان کے غیرت مند عوام، سیاسی جماعتوں اور خصوصاً بلوچستان نیشنل پارٹی، مولانا ہدایت الرحمن (ایم پی اے گوادر) اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے زائرین مارچ اور مجلس وحدت مسلمین سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

ضلعی صدر سید قربان علی شاہ رضوی نے کہا کہ: "حب کے مومنین کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی و قوم پرست تنظیموں کے رہنما بھی حب بلوچستان پہنچنے پر زائرین مارچ اور قائد وحدت کے استقبال کے لیے مکمل طور پر آمادہ تھے۔ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس حساس مرحلے پر ملت اور قائد وحدت کو سرخروئی نصیب ہوئی۔"



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree