وحدت نیوز (تہران) اسلامی جمہوری ایران کے عرب اور افریقائی ممالک کے لئے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے شامی فوج کی طرف سے لبنان کے بارڈر کے نزدیک واقع اہم اور اسٹریٹجک شہر القصیر کو تکفیری دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کروانے اور مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لینے پر شام کی حکومت، عوام اور مسلح افواج کو مبارکباد دی ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بعض ممالک ابھی تک شام میں سرگرم عمل دہشتگردوں کو اسلحہ ارسال کر رہے ہیں، اور شامی حکومت اور عوام کے خلاف ان کے دہشتگردانہ اقدامات کی حمایت کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ممالک شام میں قتل و غارت اور وہاں ہونے والی تباہی کے براہ راست ذمہ دار ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان پر جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے پر مقدمہ چلایا جائے۔ شام کی مسلح افواج نے تقریباً دو ہفتے کی شدید لڑائی کے بعد آج القصیر شہر کو تکفیری دہشتگردوں سے مکمل طور پر آزاد کروا لیا ہے، اور وہاں پر شام کے پرچم نصب کر دیئے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب شامی فوج القصیر شہر کے شمالی حصے سے دہشتگردوں کے فرار کے بعد اس کی پاکسازی کر رہی ہیں اور تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے اس علاقے میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو صاف کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ شہر القصیر شام کے صوبہ حمص کا مرکزی شہر ہے۔