وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) تہران میں شام کے بحران کو پر امن اور سیاسی طور پر حل کرنے کے لئے ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس میں 40 سے زائد ممالک کے نمائندوں کی موجودگی میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم گذشتہ تین سال سے شام میں ٹریجڈی کا شکار ہیں، اور اس قسم کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور شام کے عام شہری سب سے زیادہ اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں۔ یو این او کے سیکرٹری جنرل کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ آج شام کے شہریوں میں سے ہر تیسرا شخص انسان دوستانہ مدد کا ضرورت مند ہے، ہزاروں مدارس اور ہسپتال تباہ ہوچکے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ شام میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، وہاں پر بڑی تعداد میں خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس نے ہم سب کو صدمہ سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شدت پسند شام کے تنازعے کو بہانہ بنا کر پورے خطے کے استحکام کو خراب کرنا چاہتے ہیں، آج جو کچھ شام میں ہو رہا ہے، اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو یہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیگا، شام میں جاری بحران کی وجہ سے ڈیڑھ ملین افراد ہجرت کر چکے ہیں۔