وحدت نیوز(تہران) رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ غدیر کا اہم ترین پیغام اسلام میں حکومت کے قاعدے اور ضابطے کے عنوان سے امامت کا تعیّن ہے۔ منگل کو عید سعید غدیر کے موقع پر ایران کے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے عید غدیر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ غدیر اسلامی معاشرے میں حکومت کے قاعدے اور ضابطے کی بنیاد ہے اور یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ دین اسلام ضابطہ امامت و ولایت کے علاوہ، شاہی اور موروثی حکومتوں یا زور و زر، شہوت پرستی اور اشرافی حکومتوں جیسے کسی بھی حکومتی ماڈل کو قبول نہیں کرتا۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی بے مثال خصوصیات خاص طور پر ان کی حکومتی خصوصیتوں منجملہ ان کے عدل و انصاف، تقویٰ کی جانب معاشرے کی ہدایت اور دنیوی باتوں سے دوری اور اجتناب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کامل، اسلام میں سبقت، راہ اسلام میں فداکاری، اخلاص، ایثار، عفو و درگذر حضرت علی علیہ السلام کی اہم ترین معنوی اور انسانی خصوصیات ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے غدیر کے موضوع کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے پیغمبر اسلام کے لئے خداوند عالم کے اس حکم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امامت کے تعین کے حوالے سے رسالت کا کام مکمل کر دیا جائے، کہا کہ یہ اسلامی عقیدہ محکم اور ناقابل انکار استدلال اور ماخذ پر استوار ہے، لیکن اس عقیدے کو اس طرح سے بیان نہیں کیا جانا چاہئے کہ جس سے اہل سنت بھائیوں کے جذبات مشتعل ہوں، کیونکہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا آئمہ معصومین علیھم السلام کی سیرت کے خلاف ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عالم اسلام میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ کے نام سے دیگر اسلامی فرقوں کے جذبات کو جو لوگ مشتعل کرتے ہیں، درحقیقت وہ برطانوی شیعیت کے پیروکار ہیں، جس کے نتیجے میں داعش اورجبہہ النصرہ جیسے امریکہ اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسی سے وابستہ خبیث اور آلہ کار گروہ وجود میں آئے ہیں، جنھوں نے علاقے میں بے شمار جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای نے کہا کہ ایران کے اقتصادی نظام میں دشمن اس لئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ ایرانی عوام اسلامی جمہوری نظام سے ناراض ہوجائیں۔ انہوں نے استقامتی معیشت پر عمل پیرا ہونے کے بارے میں اپنی بار بار کی تاکید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں حکومت، پارلیمنٹ اور مختلف شعبوں کے حکام اور عوام کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ دشمن کے مقصد کو ناکام بنانے کے لئے اقدام اور منصوبہ بندی کریں۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ان بے شمار نوجوانوں کی برکت سے جو اسلام اور دین کے احیا کے لئے مسلسل کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران مجموعی طور پر صحیح راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان امریکہ اور صیہونی حکومت جیسے ہر دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے۔