وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نسل در نسل حکمرانی کرنیوالوں کا ملک پر قبضہ اور غلبہ ختم ہونیوالا ہے۔ الیکشن کے بعد (ن) لیگ تانگہ پارٹی بن جائے گی، دشمن سن لیں پاکستانی قوم خاکی وردی سے پیار کرتی ہے، کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ روکی جائے، ہزارہ برادری مسلسل ظلم اور دہشتگردی کا شکار ہے، پاکستانی پرچم لانے والے کو جلسے سے نکالنے سے پختون تحفظ موومنٹ کی ملک دشمنی بے نقاب ہوگئی، پاکستان کے دشمن پاکستان کو دہشتگردی کی نئی جنگ میں جھونکنے کیلئے سرگرم ہو چکے ہیں، الیکشن میں پاناما، کرپشن اور ختم نبوت جیسے ایشوز اہم کردار ادا کریں گے، حکومت کی قرضوں پر انحصار کی پالیسی نے پاکستان کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے، خود کفالت کے بغیر قومی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف سیاسی و دینی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی محتاجی قوم کا مقدر بنا دی ہے۔ احتساب عدالت کے فیصلے کا دن قریب آتے ہی نواز شریف کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ انتخابی معرکے کا اصل میدان پنجاب میں لگے گا۔ الیکشن 2018 سیاسی فرعونوں اور معاشی دہشتگردوں کی سیاسی موت ثابت ہوگا۔ عوام اس بار ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کرے گی۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مطالبہ کیا کہ صادق اور امین افراد پر مشتمل نگران سیٹ اپ لایا جائے، عوام کے مسائل حل کئے بغیر جمہوریت کو مضبوط نہیں کیا جا سکتا، صرف الیکشن کروانے کا نام جمہوریت نہیں۔ آئین میں عوام کو دیئے گئے حقوق کبھی پورے نہیں ہوئے۔ ایم ایم اے میں شامل نہیں ہوں گے۔ ایم ایم اے (ن) لیگ کی بی ٹیم ہے، الیکشن میں (ن) لیگ کے علاوہ ہر جماعت سے اتحاد اور سیٹ ایڈجسمنٹ کیلئے دروازے کھلے ہیں۔