وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پولیٹیکل ونگ کی کوششوں کے سبب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عراق کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر علی یاسین محمد کریم سے اہم ملاقات کی ہے جس میں زائرین کو ویزہ نہ ملنے کی شکایات کا معاملہ اٹھایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور عراقی سفیر کے درمیان دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زائرین امام حسین علیہ السلام کو ویزہ کےحصول میں مسائل پر تفصیلی بات چیت کی ہےاور زائرین کو بروقت ویزے کے اجراءکا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر عراقی سفیر نے وزیر خارجہ کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے مکمل تعاون کیا جائے گا، اور ویزے کے شفاف اجرا ءکو بروقت یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اربعین امام حسین ؑ پر پاکستان بھر سے لاکھوں زائرین بذریعہ سڑک اور ہوائی جہاز کربلا جانے کی خواہش رکھتے ہیں، جن میں ہزاروں زائرین تاحال عراقی ویزے کے حصول میں ناکام ہیں ، ان زائرین کے ہوائی ٹکٹس بھی ضائع ہوچکے ہیں جس بناءپر زائرین کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے، جبکہ بذریعہ سڑک براستہ ایران کربلا جانے والے زائرین ویزوں کے اجراءمیں تاخیر کے باعث بروقت کربلا نہیں پہنچ سکیں گے، اس صورت حال میں زائرین انتہائی تشویش اور کشمکش میں مبتلا ہیں،اس صورت حال میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قائدین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، ناصرشیرازی اور اسد نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت بالخصوص وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے رابطہ کرکے عراقی حکومت پر بروقت زائرین کو ویزے اجراءاور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے سفارتی کردار اداکرنے کی گذارش کی تھی ،جس کے نتیجے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں متعین عراقی سفیر ڈاکٹر علی یاسین محمد کریم سے ملاقات کی ہے ۔