وحدت نیوز(اسلام آباد) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی نےمجلس وحدت مسلمین کے تحت پریڈ گراؤنڈ اسلام آبادمیں منعقدہ ناصران ولایت کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ آج ہم اس ہستی کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، جس نے اس ملک میں مظلوموں کی آواز بلند کی اور امریکی ایجنڈے کو ناکام بنایا، دشمن سمجھتا تھا کہ وہ علامہ عارف حسین کو شہید کرکے اُن کے افکار ختم کر دے گا، مگر وہ اس میں ناکام ہوگیا، قائد کے وارثان زندہ ہیں، اسلامیان پاکستان نے آپ کا راستہ نہیں چھوڑا۔
انہوںنےکہاکہ آج پھر پاکستان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں، ڈیل آف دی سنچری لیکر آئے ہیں، یمن اور کشمیر میں ان کے مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، دشمنان اسلام کو شام میں ناکامی ہوئی، فلسطین اور کشمیر میں بھی ان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، جب تک ایک بھی حسینی پاکستان میں موجود ہے، امریکی اور استکباری طاقتوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دشمن نے پے در پے ناکامیوں کے بعد اس ملک کو داخلی سطح پر الجھانے کی کوشش کی ہے، لیکن ہم بتا دینا چاہتے ہیں اس ملت کے علماء اور فرزندان اسلام ایک پیج پر ہیں اور طاغوتی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ علامہ ناصر عباس اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے راہ وفا کو زندہ رکھا ہوا ہے۔