وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کی ’’وحدت کانفرنس‘‘ میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نےاپنی اہلیہ محترمہ بیگم پروین سرور کے ہمراہ خصوصی شرکت کی ۔اپنےخطاب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ برصغیر میں دین اسلام پھیلنے کا کریڈٹ صوفیاء اور اولیاء کرام کو جاتا ہے، جنہوں نے محبت اور اتحاد کا پیغام عام کیا، آج مسلم امہ کو جتنے بھی چیلنجز کا سامنا ہے ان کو حل کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ مسلمان اتفاق کرلیں، آج جو قیامت صغریٰ کشمیریوں پر گزر رہی ہے اس کا بھی علاج ہو سکتا ہے، فلسطین میں جو بھائی ظلم و بربریت کا شکار ہو رہے ہیں، بیت المقدس کی آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، بیت المقدس کی آزادی کیلئے ہر مسلمان اور مذہبی آزادی پر یقین رکھنے والوں کو جدوجہد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت حضور(ص) کی تعلیمات پر عمل کرکے متحد اور کامیاب ہو سکتی ہے، اگر ہم حضور (ص) اور صحابہ کرام کے راستے پر چلنا شروع کریں تو ہماری شان و شوکت ہمیں واپس مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نبی(ص) سے سیکھنا ہے ان کی خوبیاں سیکھنی ہیں جن کی وجہ سے پوری دنیا ان کو لیڈر مانتی ہے، میں افواج پاکستان، علماء کرام، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کو شکست دیدی ہے، جس طرح آج علماء ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں جب ملک گیر سطح پر جمع ہو جائیں گے، ہمارا ملک ریاست مدینہ جیسا بن جائے گا، اب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں، بدھسٹ آئے ہوئے ہیں، انڈیا میں اقلیتوں پر ظلم ہوتا ہے لیکن پاکستان کرتارپور سکھوں کیلئے کھول رہا ہے، جتنی مذہبی آزادی اقلیتوں کو پاکستان میں ہے دنیا میں شاید کہیں بھی نہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم اقلیتوں کو وہ حقوق دے رہے ہیں جو ریاست مدینہ میں حاصل تھے۔ میرے دل میں علماء کیلئے بے حد احترام ہے، میں نے ہمیشہ علماء کو عزت دی ہے۔ میں خوش قسمت ہوں کہ صاحبزادہ فضل کریم سمیت دیگر علماء میرے دوست تھے، میں مجالس عزاء میں بھی شرکت کرتا رہا ہوں کیونکہ میں یقین رکھتا ہوں کہ اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد۔