وحدت نیوز (رحیم یارخان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی ڈیرہ غازیخان کے بعد رحیم یارخان پہنچ گئے، المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل جنوبی پنجاب کے صوبائی کوارڈینیٹر سید زعیم حیدر زیدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے دورہ رحیم یارخان کے دوران ضلع بھر میں جاری کرونا متاثرین کے لیے امدادی کاروائیوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل سید حسنین نقوی، مولانا سید مجاہد حسین نقوی اور دیگر کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے، ضلعی سیکرٹری جنرل نے علامہ اقتدار حسین نقوی کو لاک ڈاون کے دوران متاثرین کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔
اُنہوں نے بتایا کہ المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے زیراہتمام اب تک لاکھوں روپے مالیت کا راشن مستحقین، نادار اور سفید پوش خاندانوں میں تقسیم کیا گیا، اس کے علاوہ ماہ رمضان کے دوران غریب اور نادار افراد میں سحری اور افطاری کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے رحیم یار خان کے مسئولین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مزید کرونا جیسی وباء کے دوران امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔