وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام رحمت اللعالمینؐ وحدت کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہواجس میں ایم ڈبلیو ایم،ملی یکجہتی کونسل،جماعت اسلامی،شیعہ علما کونسل ، پاکستان عوامی تحریک، سنی اتحادکونسل، جمعیت علمائے پاکستان اور مختلف مذہبی جماعتوںکے رہنمائوںسمیت کثیرتعداد میں مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ بو الخیر محمدزبیر نے کہا کہ عصبیتوں کے خاتمے کے لیے عشق مصطفے ؐاولین شرط ہے۔نبی ختمی مرتبت ؐکی گستاخی پربلارنگ و نسل اور جغرافیائی حدبندیوں کی پرواہ کیے بغیرسارے مسلمانوں کا یک زبان ہونا اس امر کی دلیل ہے کہ عشق مصطفےؐ ہی وہ واحدطاقت ہے جو ہمیں جوڑ کررکھ سکتی ہے۔حکمرانوں کے اندر عشق رسول کی زرا سے بھی رمق موجود ہو تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ توہین رسالت ؐکوروکنے کے لیے حکمرانوں کو عالمی عدالتوں کا سہارا لینا چاہیے۔یہ وقت اس مقصد کے لیے اس اعتبار سے بھی سازگار ہے کہ یورپی عدالتوں نے مسلمانوں کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور کہا ہے کہ توہین رسالت ؐکو آزادی اظہار کا نام نہیں دیا جاسکتا۔ پاکستان کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کے محافظ اداروں کو کمزورکرنے والے ملک دشمنوں کے ایجنڈے پرہیں۔