وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں ''یوم انہدام جنت البقیع ''منایا گیا، اسلام آباد،کراچی،لاہور،کوئٹہ اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے، جنوبی پنجاب کی مرکزی ریلی مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام ملتان میں چوک گھنٹہ گھر سے شروع ہوئی جو چوک نواں شہر پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی،علامہ قاضی نادر حسین،ڈویژنل صدر آئی ایس او ملتان ثقلین ظفر نے کی جبکہ ریلی میں آئی ایس او کے مرکزی رہنما عاطف حسین،مولانا امیر حسین ساقی،مولانا سبطین نجفی، مولانا طاہر مہدی، مولانا ناصر سبطین ہاشمی، مولانا عمران ظفر،مولانا وسیم عباس معصومی،مولانا ہادی حسین،مولانا غلام جعفر انصاری، مولانا علی رضا الحسینی، ذیشان عباس، زوار حسین لنگاہ،مخدوم سید عباس رضا شمسی،سید دلاور عباس زیدی،سید وسیم زیدی، رانا فیضان الحسینی سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آٹھ شوال تاریخ جہان اسلام کا وہ غم انگیز دن ہے کہ جب بوڑھے استعمار برطانیہ کی پیداوار وہابی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے جنت البقیع کے تاریخی قبرستان کو منہدم و مسمار کر دیا تھا۔ ایک خاص گروہ اسلامی امت کے الہی مقدسات کی توہین، ان کے عقائد کی تضعیف، نیز مسلمانوں میں پھوٹ ڈالنے کی غرض سے اس باطل فرقہ کو اسلامی ممالک میں پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ انہدام جنت البقیع پورے عالم اسلام کے منہ پر طمانچہ ہے، جنت البقیع کو تباہ کرنے والے ہی عالم اسلام کو تقسیم کرنیکی سازشوں میں مصروف ہیں اور یہی عناصر ظہور امام مہدی کے بھی دشمن ہیں، اہل بیت اطہار (ع)، ازواج مطہرات و اصحاب رسول (رض)کے مقدس مزارات کی تعمیر نو عالم اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، انہدام جنت البقیع جیسی دہشت گردی کے مرتکب حرمین شریفین کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنانا چاہتے ہیں، پاکستان سمیت تمام عالم اسلام شعائر اللہ جنت البقیع کی تعمیر نو کے حوالے سے عالمی سطح پر عملی اقدامات کرے۔
رہنمائوں نے مزید کہا کہ جو لوگ دین اسلام کا نام استعمال کرکے یہ مکروہ فعل انجام دے رہے ہیں، وہ عناصر اللہ کی رحمت سے دور اور دنیا کی لعنت کے مستحق ہیں، ان کا مقصد ملت مسلمہ کو تقسیم کرنے کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہدام جنت البقیع کے ذ مہ دار برطانوی پیداوار آل سعود حضرت امام مہدی کے دشمن اور انکے ظہور میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں، اسی لئے آ ل سعود عالم اسلام کو تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، جنہیں شیعہ سنی مسلمان اتحاد بین المسلمین کے ذریعے ناکام بناتے چلے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اہل بیت اطہار (ع)، ازواج مطہرات و اصحاب رسول (رض)سمیت بزرگان دین کے مقدس مزارات کی تعمیر نو تمام عالم اسلام پر فرض ہے، جنت البقیع عالم اسلام کا مشترکہ سرمایہ ہے، عالم اسلام کو جنت البقیع کی تعمیر کیلئے عالمی سطح پر موثر اقدامات کرنا ہونگے، مٹھی بھر آل سعود کی جانب سے جنت البقیع کا انہدام پورے عالم اسلام کے منہ پر طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہدام جنت البقیع کے ذمہ دار آل سعود کا اقتدار اپنے آخری دن گن رہا ہے، جس سے نظریں ہٹانے کیلئے انہدام جنت البقیع جیسی دہشت گردی کے مرتکب آل سعود مدینہ منورہ و مکہ مکرمہ میں حرمین شریفین کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں، لیکن عالم اسلام کے غیور شیعہ سنی عوام آل سعود کو تاریخ دھرانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سمیت تمام عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ شعائر اللہ جنت البقیع کی تعمیر نو کے حوالے سے عالمی سطح پر آواز بلند کرے اور عملی اقدامات اٹھائے۔آخر میں اسرائیلی مصنوعات کو تلف کرکے اظہار نفرت بھی کیا گیا۔