وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےزیر اہتمام لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقدہ قرآن واہل بیت ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کے فرزند سید حسین عارف الحسینی نے کہا کہ اس عظیم اجتماع کے انعقاد پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور مجلس وحدت مسلمین کے تمام کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ تمام ماوں بہنوں بزرگوں اور جوانوں کا بھی مشکور ہوں جو اس اجتماع میں شریک ہوئے ، آج کا دن کسی نعمت سے کم نہیں کہ جب قوم کے تمام طبقات شہید قائد کی یاد میں جمع ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل مقصد شہید کی فکر پر عمل کرنا ہونا چاہئے ، اگر ہم شہید کو اپنا رول ماڈل سمجھتے ہیں تو ہمیں شہید کی فکر پر من وعن عمل کرنا ہوگا، شہید کی فکر میں دو راہیں نہیں ، شہید نے اپنی زندگی میں کبھی خود کو ٹھیک اور دوسروں کو غلط قرار نہیں دیا، شہید قائد نے خود کو کبھی محدود نہیں کیا ہمیں بھی شہید کی طرح سب کوساتھ لیکر چلنا ہوگا، سب کو قبول وبرداشت کرنا ہوگا، شہید نے ہمیشہ قوم کے وسیع ترمفادمیں قدم اٹھایا ، آج کا دن شہید کے ساتھ تجدید عہد اور ان کی جانب پلٹنے کا دن ہے ۔