وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے زیراہتمام جامع مسجد الحسین گلشن مارکیٹ سے گھنٹہ گھر چوک تک سالانہ میلاد صادقین ریلی نکالی گئی۔ ریلی گلشن مارکیٹ، چوک قذافی، معصوم شاہ روڈ، دولت گیٹ حسین آگاہی سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کی جبکہ ریلی میں سلیم عباس صدیقی،علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ وسیم عباس معصومی، دانش نقوی، مولانا امیر حسین ساقی، ڈویژنل صدر آئی ایس او ملتان ثقلین ظفر، مولانا عمران ظفر، رونق عباس، سہیل حسنین بھٹہ،مولانا فرمان علی صفدری اور دیگر موجود تھے۔
ریلی کا جگہ جگہ پر استقبال کیا گیا۔ انجمن تاجران چوک کمہاراں نے چوک کمہاراں پر، النور اسلامک سنٹر کی جانب سے معصوم شاہ روڈ پر، بزم صادقین کی جانب سے گلستان چوک پر، اہلیان کچی سرائے کی جانب سے کچی سراء پر، مخدومین شاہ شمس کی جانب سے علی چوک پر، حیدری کمیٹی اور کھرکھر برادران کی جانب سے دولت گیٹ پر استقبال کیا گیا۔ جگہ جگہ ریلی کے شرکاء پر گل پاشی کی گئی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ میلادالنبی ہم سے اتحاد بین المسلمین کا تقاضا کرتی ہے۔ الحمداللہ شیعہ سنی وحدت پاکستان کا حسن ہے، مجلس وحدت مسلمین نے عید میلادالنبی کے موقع پر پانچ سو مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے مٹھی بھر تکفیری ٹولہ اس ملک کا امن کرنے کی ناکام کوششیں کرتا ہے۔ آج کی ریلی اہلسنت علماء اور عمائدین کی شرکت اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ریلی میں قمر عباس زیدی،رانا فیضان الحسینی،حسنین بخاری، عاشق جوئیہ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے