وحدت نیوز(ڈی جی خان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی ملتان کے بعد ڈیرہ غازیخان پہنچ گئے، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی، سید ندیم عباس کاظمی اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔قبل ازیںایم ڈبلیوایم ڈی جی خان نے قرنطینہ میں موجود 800زائرین کیلئے کھانے پینے کا سامان اور ضروری اشیاءڈپٹی کمشنرآفس کے حوالے کیا گیا۔
ایم ڈبلیو ایم ڈی جی خان کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید انعام حیدر زیدی اور زوار جہانزیب حیدر نےعلامہ اقتدار حسین نقوی کو ڈی جی خان میں جاری زائرین کے لیے امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی، انعام حیدر زیدی نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان میں 800 زائرین کو تین الگ الگ مقامات پر رکھا گیا، ان میں الغازی یونیورسٹی، چاکر خان یونیورسٹی اور دانش سکول شامل ہے۔
انعام حیدر زیدی کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر زائرین کو ضرورت کی چیزیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر کرونا وائرس سے بچاو کے لیے سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے، زائرین کے لواحقین کی جانب سے موصول ہونے والی اشیاء کی ترسیل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اس موقع پر علامہ اقتدار حسین نقوی نے کمشنر ہائوس میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور انہیں خوش آئند قرار دیا۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایات پر جنوبی پنجاب کے دو قرنطینہ سنٹر میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت ایک منظم سازش کے تحت صرف زائرین کو تختہ مشق بنایا جا رہا ہے، ہم اپنے زائرین کی صحت کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کسی بھی سستی اور نااہلی برداشت نہیں کریں گے، ایسے تمام افراد جن کے کرونا رزلٹ پازیٹو آئے ہیں، ان کو علیحدہ رکھا جائے لیکن ڈی جی خان انتظامیہ اس حوالے سے سستی کا مظاہرہ کر رہی ہے، ایسے تمام افراد کو ایک ہی کمرے میں رکھا جا رہا ہے، جس سے کسی بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔