وحدت نیوز(سکردو) مدینہ منورہ میں روضہ رسول ؐ کے قریب گذشتہ دنوں دہشتگردوں کے حملے، عراق میں امام زادہ سید محمد کے روضے پر حملے، پاکستان میں امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی امامیہ چوک اسکردو سے نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی اور دیگر علمائے کرام نے کی۔ احتجاجی ریلی امامیہ چوک سے شروع ہوئی جو کلفٹن پل، بے نظیر چوک، علمدار چوک، حسینی چوک سے ہوتی ہوئی ایک طویل مسافت طے کرتی ہوئی یادگار شہداء دھرنا کیمپ میں پہنچی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں نے پلے کارڈز اور بینئرز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی ریلی سے کلفٹن پل پر شیخ غلام حسن عابدی نے خطاب کیا اور دنیا بھر میں جاری دہشتگردی کے واقعات بالخصوص پاکستان میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی۔ ریلی علمدار چوک پر پہنچی تو آغا علی رضوی نے شرکاء سے مخاطب ہو کر احتجاجی ریلی کے مقاصد بیان کئے اور ریلی میں اہلسنت برادری کی شرکت پر شکریہ بھی ادا کیا۔ ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی یادگار شہداء اسکردو پر پہنچی اور وہاں جلسے کی صورت اختیار کر گئی، جس سے علمائے کرام نے خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نکالی گئی ریلی کے نعروں سے اسکردو شہر کی فضاء گونجتی رہی۔

وحدت نیوز(مظفرآباد )سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی سماجی خدمت کا ایک سنہرا باب جو بند ہو گیا ، دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے عبدالستار ایدھی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ، ایسی شخصیت جو ہمیشہ بے سہاروں کو سہارا دیتی رہی آج داغ مفارقت دے گئی، پورا ملک سوگوار ہے ، مخلصانہ تگ و دو کے ذریعے انہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کی ،ہم ایک مخلص ، انسان دوست ، غریب پرور اور محب وطن شخصیت سے محروم ہو گئے ، ان کی خدمات کو تازیست یاد رکھا جائے گا، علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے صبر جمیل اور مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

وحدت نیوز(قم) قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے  اظہار یکجہتی کے لئےعیدالفطر کی نماز کے بعد مومنین کرام کی ایک بڑی تعداد ایم ڈبلیو ایم قم کے دفتر پہنچی جہاں ایم ڈبلیو ایم کے امور خارجہ کے سیکرٹری ڈاکٹرحجۃ الاسلام شفقت شیرازی نے حاضرین کاشکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قائد وحدت کے مطالبات مکمل طور پر آئینی اور انسانی اقدار کے ترجمان ہیں اور ظالم  حکمرانوں کے پاس ہمارے مطالبات قبول کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ آئینی جدوجہد سے رقم ہے اور اہم اپنے مطالبات سے کسی طور بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔نشست میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا،  حاضرین نے قائد وحدت راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر سیاہ پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادی نے اپنے اعلی سطح وفد اور کثیر تعداد کارکنوں کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملاقات کی ۔میڈیا کے نمائندوں اورشرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی میں موجود حکمران فریق ہیں۔موجودہ حکومت دہشت گردوں کو وسائل اور معاونت فراہم کرتی ہے۔پاکستان میں موجود ایک مخصوص مسلک کے باصلاحیت افراد کی صرف اس لیے مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی جار ہی ہے کہ حکمرانوں کو ان سے اختلاف ہے۔پاکستان کے حکمران فرعونیت، قارونیت اور یزیدیت جیسی تین صفات کا مجموعہ ہیں۔پاکستان میں عدل و انصاف کے پرخچے اڑائیں جا رہے ہیں۔ملک کے با اختیار اداروں کو چاہیے کہ وہ عوام پر ہونے والی اس حکومتی ظلم و بربریت کا نوٹس لیں۔ اگر پاکستان کے مظلوموں کی آواز نہ سنی گئی تو وطن عزیز کی بقا و سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین عشروں سے ملک فرقہ واریت کی لپٹ میں ہے۔خطے میں فرقہ وارانہ قتل سے شروع ہونے والے اس فضا نے دہشت گردی کی شکل اختیار کر کے پوری امت مسلمہ کومنتشر اور بدامنی کا شکار کر رکھا ہے۔تحریک منہاج القرآن کے سربراہ نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے تمام مطالبات کی مکمل تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت تشیع کے رہنما کی بھوک ہڑتال کو دو ماہ مکمل ہو گئے ہیں اور حکمران شرمناک بے حسی کامظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہم مجلس وحدت مسلمین کے دست و بازو ہیں۔ہمیں جہاں پکارا جائے گا ہم وہیں اپنی پوری تحریک کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔31جولائی کو لاہور میں قومی مشاورت کے لیے تمام قوتوں کو بلایا جا رہا ہے جس کی میزبانی تحریک منہاج القران اور مجلس وحدت مسلمین کرے گی۔ظالم حکمرانوں کے خلاف آئندہ لائحہ عمل اور قومی مشاورت میں طے کیا جائے گا۔علامہ ناصر عباس ایک صاحب کردار ،با تدبر اور با حکمت شخصیت ہیں۔ان کے فیصلے قوم و ملت کے لیے یقیناًبہترین ہوں گے۔

علامہ ناصر عباس نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور دیگر شخصیات کا ہڑتالی کیمپ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ظالم حکمرانوں کے خلاف یہاں گزشتہ دو ماہ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ہمارا احتجاج پاکستان کی بیس کروڑ مظلوم عوام کے لیے ہے۔ہمارے حکمران بے حس ہیں ۔دہشت گردی کے خلاف جاری ضرب عضب کو ناکام بنانے کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے نام پر انتقامی کاروائیاں کی جا رہیں ہیں۔ہمارے شیعہ نوجوان کو دہشت گردی اور حکومتی بربریت کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ہم دو ماہ سے بھوک ہڑتا ل پر ہیں ۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں مجلس وحدت مسلمین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے لیکن موجودہ حکومت بے حس بنی ہوئی ہے۔17 جولائی کو پاکستان کے مختلف شہروں میں ایم ڈبلیو ایم کی خواتین احتجاج کریں گی۔22 جولائی کو ملک کی تمام اہم شاہراوں پر اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے دیے جائیں گے ۔

اس موقعہ پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ علامہ ناصر عباس جعفری کی اس ملک کو ضرورت ہے۔ ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی بھوک ہڑتال کو ختم کریں۔ ہمارے حکمران بے حس ، ظالم اور اخلاقیات سے عاری ہیں۔وہ مہذب احتجاج کی زبان نہیں سمجھتے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ وکیل شاہد شیرازی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا گیا۔ اس حوالے سے شہر قائد کی مختلف جامع مساجد خوجہ مسجد کھارادر، نور ایمان، دربار حسینی، اسٹیل ٹاؤن میں جمعہ اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہروں سے ایم ڈبلیو ایم، شیعہ ایکشن کمیٹی سمیت آئی ایس او کے رہنماؤں علامہ باقر زیدی، علامہ مرزا یوسف، مولانا غلام محمد فاضلی، علامہ نشان حیدر، علامہ علی انور جعفری، علامہ اظہر نقوی، میثم عابدی، احسن عباس، زین رضا، رضی حیدر سمیت دیگر رہنماؤں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والی شیعہ نسل کشی کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ ملت تشیع کی قتل گاہ بن چکی ہے، مختلف شعبوں میں موجود ہمارے ماہرین کو چن چن کر نشانہ بنا یا جا رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف عمران خان کے وعدے محض سیاسی طفل تسلیاں ثابت ہوئیں، خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلی صوبے میں امن و امان کے قیام سمیت تمام انتظامی معاملات میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان وکیل کی دن دیہاڑے ٹارگٹ کلنگ سمیت صوبے میں دہشت گردی کے دیگر واقعات قومی سلامتی کے اداروں کی بے بسی کو ظاہر کر رہے ہیں، عید کے دن ہمارے نوجوان کو شہید کرکے پوری قوم کو اضطراب میں مبتلا کر دیا گیا ہے، عمران خان کو ملک کے دیگر صوبوں میں بدامنی دکھائی دیتی ہے لیکن اپنے صوبے میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے قوم کے معماروں کے گھروں میں تعزیت کے لیے جانے کا وقت نہیں ملتا، ہمارے قاتلوں کی مکمل سرپرستی اور ہماری نسل کشی کی جاری ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کے نام پر عوام کو بیوقوف بنارہی ہیں جبکہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے مراکز کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرنے کے نتائج ملت تشیع بھگت رہی ہے، شہر میں سفاک دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں اور جنگل کا قانون ہے جس پر وفاقی حکومت، عدلیہ، سکیورٹی ادارے صرف خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلی کو برطرف کیا جائے، ایمرجنسی نافذ کرکے ڈیرہ اسماعیل خان میں پیشہ ور قاتلوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے، جس علاقہ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ ہو وہاں کے ایس ایچ او اور ڈی پی او کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے، ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید شاہد شیرازی ایڈووکیٹ سمیت دیگر پروفیشنلز کے قتل عام میں ملوث دہشتگردوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے کسی بھی حصہ میں شیعہ کلنگ کا دوبارہ واقعہ رونما ہوا تو پھر وزیر اعلی کی برطرفی ہمارا یک نکاتی مطالبہ ہوگا جس کے لیے بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی خان کی انتظامیہ کو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے ایک متنازعہ مدرسہ کے لیے بجٹ میں تیس کروڑ روپے مختص کرنے پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومتیں دہشت گرد ساز اداروں کی مالی معاونت کرنا شروع کر دیں تو پھر امن و امان کے قیام کے لیے حکومتی کوششیں عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی افادیت کو دانستہ طور پر زائل کیا جا رہا ہے جو ضرب عضب کے مطلوبہ نتائج کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کے قتل کے خلاف نواں شہر چوک (ملتان) پر تین گھنٹوں کا علامتی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، یافث نوید ہاشمی اور آئی ایس او کے ڈویژنل صدر قاسم ہاشمی نے کی۔ دھرنے کے شرکاء نے نماز مغربین باجماعت چوک نواں شہر میں اداء کی۔ دھرنے کے شرکاء سے آئی ایس او کے ڈویژنل صدر قاسم ہاشمی، سابق مرکزی صدر یافث نوید ہاشمی، محمد عباس صدیقی اور علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کیا۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت طالبان اور قاتلوں کی ہمدرد اور خیرخواہ ہیں، پاکستان کے سکیورٹی ادارے اور ایجنسیاں جس مدرسے کو طالبان کی نرسریاں کہہ چکی ہیں، اُسے کروڑوں کا فنڈ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ اس حکومت کا اور طالبان کا ایک ہی ایجنڈا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ اگر قائد وحدت کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 17 جولائی کو ملک بھر میں خواتین احتجاج کریں گی اور 22 جولائی کو ملک بھر کو 8 گھنٹوں کے لئے جام کر دیا جائے گا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree