وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور اورامامیہ رابطہ کونسل پشاور کے زیراہتمام شکار پور میں بم دھماکہ کے نتیجہ میں 50 سے زائد نمازیوں کی شہادت پر پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی اور حکومت کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علما مشائخ کونسل کے صوبائی سربراہ مولانا محمد شعیب، علامہ عابد حسین شاکری اور مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل سیدہ نسیم نقوی کا کہنا تھا کہ سانحہ شکار پور درندگی اور ظلم کی انتہاء ہے، بے گناہ نمازیوں کو شہید کرنا کونسا اسلام ہے، ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بھی عوام کو تحفظ اور امن فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہوچکی ہے، دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کی جارہی۔؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے دھماکہ کی پیشگی اطلاع پر بھی کوئی ایکشن نہ لیا، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت صرف اور صرف اقتدار کی بھوکی ہے، اسے عوام کے جا ن و مال سے کوئی سروکار نہیں۔ مقررین نے نواز حکومت پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ دہشتگردوں کو پھانسیاں دینے کا سلسلہ کیوں روک دیا گیا ہے۔؟ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ شہری علاقوں تک بھی بڑھایا جائے اور دہشتگردوں کی مزموم کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے علامہ اقتدار نقوی نے کہا ہے کہ شکارپور مرکزی جامع مسجد و امام بارگاہ کربلائے معلی لکھی در میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، سانحہ شکارپور پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی ناکامی ہے، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ فوری مستعفی ہونے کا اعلان کریں، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی نااہلی پر چیف جسٹس آف پاکستان اور وفاقی حکومت صوبہ سندھ کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے حوالے کریں اور دہشتگردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں ایم ڈبلیوایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں جامع مساجد و امام بارگاہوں کو فول پروف سکیورٹی دی جائے، سندھ بھر میں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کا راج قائم ہے، جس کی سرپرستی پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کر رہی ہے، کالعدم دہشتگرد جماعتوں کے رہنمائوں کو سندھ حکومت کی جانب سے مکمل سکیورٹی دی جا رہی ہے، دوسری جانب کراچی اور سمیت سندھ بھر میں روزانہ شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے، مگر سندھ حکومت کی جانب سے تاحال کسی دہشتگرد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی کسی کو سزا دی گئی۔

وحدت نیوز (دیپالپور) مجلس وحدت مسلمین کا سانحہ شکار پور کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ،سینکڑوں کارکنان کی شرکت ،ملوث ملزمان اور حکومت مخالف نعرے بازی ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق شکار پور امام بارگاہ میں دہشت گردانہ حملے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سینکڑوں کارکنان نے ضلعی جنرل سیکر ٹری سید انوار الحق زیدی کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا جو امام بارگاہ سجادیہ سے شروع ہو کر صدر بازار اوربصیر پور روڑ سے ہوتا ہوا مدینہ چوک ،رزاقیہ سٹریٹ اور منڈی روڑ سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ سجادیہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا اس سے پہلے قائدین نے دیپالپور پریس کلب و انجمن صحافیاں (ر) کے شاکر رضوی ہال میں پریس کانفرنس کی جہاں خطاب کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکر ٹری سید انوار الحق زیدی نے کہا کہ دہشت گرد پورے میں اہل تشیع کو قتل کر رہے ہیں امام بارگاہوں پر حملے ہو رہے ہیں اور پوری ملت تشیع بڑے صبر کے ساتھ اپنے پیاروں کی لاشوں کو ملک میں امن کی خاطر قبول کر رہی ہے مگر اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے حکومت اور سکیورٹی ادارے امن قائم کرنے میں یکسر ناکام ہو چکے ہیں ایک کے بعد ایک بڑا سانحہ رونما ہو رہا ہے اور حکومت صرف زبانی جمع خرچ تک محدود ہے اس حوالے سے عدالتی کمیشن بنا دینا امن کی ضمانت نہیں بلکہ دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لئے پورے ملک میں انکے معاونین کو بھی کیفر کردار تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے ضرب عضب کے حوالے سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کے گلی کوچوں میں ضرب عضب کو وسیع کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ان کو چن چن کا ختم کیا جاسکے اس موقع پر دیگر رہنماء ضلعی سیکر ٹری نشرو اشاعت ایم ڈبلیو ایم مظہر عباس چوہدری، سید ذاکر حسین زیدی ، میاں فرزند علی ،امامیہ سٹو ڈنٹس آرگنا ئزیشن اور انجمن سجادیہ کے عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ ہاشم موسوی، ایم پی اے آغا رضا،کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی اور تمام کونسلرزنےسانحہ شکار پور کے خلاف علمدار روڈ پر نکالی گئی ریلی سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ شکارپور مرکزی امام بارگاہ میں خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی اور سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے یہ سانحہ رونما ہوا۔ شکارپور میں اس سے پہلے بھی دہشت گردی کے کئی واقعات ہو چکے ہیں لیکن سندھ حکومت اپنی بے حسی اور نا اہلی کی وجہ سے ان واقعات کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ حکومتی اقدامات صرف میڈیا میں بیانات کی حد تک محدود ہے۔ دہشت گرد آزاد اور دنددناتے پر رہے ہیں ان کے خلاف اقدامات نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ حکومت پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے اور گرفتار ملزمان کو سخت سے سخت سزا دے کر ان کو نشان عبرت بنائے۔ حکومت ان دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے لیے نرم رویہ رکھنے والوں سے بھی سختی سے نمٹے اور تمام کلعدم دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کریک ڈاون کرے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن شکار پور سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کے لیے شفایابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کا اہم اجلاس علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت مدرسہ امام خمینیؒ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی سیکریٹری نشرو اشاعت مولانا ذوالفقارعلی سعیدی، صوبائی سیکریٹری فلاح مولانا سہیل اکبر شیرازی ،صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی مولانا برکت علی مطہری و دیگر شریک ہوئے ۔

 

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے حاصل ہونے والی معدنیات ملکی تعمیر و ترقی کی ضمانت ہے،مگر بلوچستان کے عوام آج بھی کسمپرسی ، غربت اور افلاس کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔جن علاقوں سے اربوں روپے کی معدنیات حاصل ہو رہی ہیں ان علاقوں کی عوام کے حالات زندگی میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی ہے۔

 

انہوں نے پاک فوج کی طرف سے دھشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان میں ۹۲ دھشت گردوں کی ہلاکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دھشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا،دہشت گردوں کے واصل جہنم ہونے پر پاک فوج کو تبریک پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اب تک بلوچستان میں ملت جعفریہ کے ڈیڑہ ہزار معصوم افراد دھشت گردی کا نشانہ بنے ہیں، جبکہ قاتل آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں،لہذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان میں دھشت گردوں کے ٹریننگ کیمپس اور تربیتی مراکز کے خلاف بھر پور آپریشن کا آغاز کیا جائے۔

 

انہوں نے بلوچستان میں نو منتخب بلدیاتی نمائندوں خصوصا کوئٹہ کے میئر ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ اور ڈپٹی میئر یونس بلوچ کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔

 

اس موقع پر مولانا ذوالفقار علی سعیدی نے کراچی میں جاری دھشت گردی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کے باوجود کراچی میں معصوم انسانوں کا بہتا لہو ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔دھشت گرد چاہے کسی مدرسے میں ہوں یا کسی سیاسی جماعت میں انہیں بے نقاب کیا جائے۔اجلاس میں مختلف تنظیمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وحدت نیوز (شکارپور) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے شکارپور میں معصوم انسانوں کی شہادت کو المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے دھشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سانحہ شکارپور کے خلاف منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم انسانوں کے قاتل دہشت گرد آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں۔ اب دھشت گردوں نے اولیاء کی سر زمین سندہ کا رخ کیا ہے۔ ملک بھر میں اب بھی دہشتگردوں کے تربیتی مراکز اورمحفوظ ٹھکانے موجود ہیں،جن کے خلاف آپریشن ازحد ضروری ہے ۔ سینکڑوں معصوم شھداء کے وارث ابھی تک انصاف کے منتظر ہیں۔انہوں نے شکارپور میں ہونے والے دھشت گردی کے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کے باوجود معصوم انسانوں کا بہتا لہو ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔دھشت گرد چاہے کسی مدرسے میں ہوں یا کسی سیاسی ، مذہبی جماعت میں ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

 

در یں اثناء جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی صدر مولانا عبدالقدوس ساسولی، سندہ ترقی پسند پارٹی کے سینئر وائس چئیرمین جان عبدالفتاح سمیجو، جئے سندہ محاذ کے چئیرمین ریاض چانڈیو اور جسقم رہنماء ڈاکٹر نیاز کالانی نے فون پرعلامہ مقصود علی ڈومکی سے سانحہ شکارپور پر تعزیت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر کی تمام امن پسند قوتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ایک نکاتی ایجنڈا پر متحد ہوجائیں۔ اور اپنے اتحاد سے دھشت گردوں کو تنہا کردیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree