وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جمعرات کو تہران میں ، اسلامی ماہرین کی کونسل مجلس خبرگان کے سربراہ اور اراکین سے خطاب میں ایران کی مذاکراتی ٹیم کی کاوشوں کو قابل تعریف بتایا -
آپ نے فرمایا کہ ایران کی مذاکراتی ٹیم امانتداری کے ساتھ سخت کوشش کررہی ہےلیکن فریق مقابل حیلہ گر ہے اور پیٹھ میں خنجر گھونپتا ہے -
رہبرانقلاب اسلام نے اس نظریئے کو مسترد کردیا کہ جو طاقتور ہوتے ہیں انہیں حیلے کی ضرورت نہیں ہوتی -
آپ نے فرمایا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ امریکا کو اتنی سیاسی ، اقتصادی اور فوجی قوت کے ساتھ دھوکے اور فریب کی ضرورت نہیں ہے ، لیکن حقیقت کے اس برعکس ہے -
آپ نے فرمایا کہ امریکی دھوکے فریب اور حیلہ گری کے زیادہ محتاج ہیں -
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکیوں کا طرزعمل بتاتا ہے کہ وہ اس وقت بھی دھوکے اور حیلہ گری سے کام لے رہے ہیں -
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایٹمی مذاکرات کی تکمیل کے لئے معینہ وقت قریب آتا ہے تو امریکیوں کا لہجہ زیادہ سخت ہوجاتا ہے اور ان کی حیلہ گری بڑھ جاتی ہے - آپ نے امریکا کے ریپبلیکن سنیٹروں کے کھلے خط کے بارے میں کہا کہ یہ خط امریکی نظام ميں سیاسی اخلاقیات کی پستی کی نشاندہی کرتا ہے -
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ پوری دنیا میں سبھی ممالک میں مسلمہ بین الاقوامی اصول کے مطابق نئی حکومتیں ، سابقہ حکومتوں کے معاہدوں کی پابند ہوتی ہیں ، لیکن امریکی سنیٹروں نے سرکاری طور پر اعلان کیا ہے کہ موجودہ حکومت کے خاتمے کے بعد معاہدہ کالعدم ہوجائے گا -
رہبرانقلاب اسلامی نے امریکی کانگرس میں صیہونی حکومت کے وزیراعظم کی تقریر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ، صیہونی جوکرنے کانگرس میں کچھ باتیں کہیں ، امریکی حکام نے ان باتوں سے اظہار برائت کیا لیکن اسی کے ساتھ ایران پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام بھی لگایا جو واقعی مضحکہ خیز ہے -
آپ نے فرمایا کہ امریکیوں اور ان کے علاقائی اتحادیوں نے اس خطے میں داعش جیسے وحشی ترین دہشتگردوں کو تیار کیا اور اب بھی ان کی حمایت کررہے ہیں ، اور ایران پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام لگاتے ہیں
- آپ نے جعلی اور غیر قانونی صیہونی حکومت کی امریکا کی جانب سے حمایت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ واشنگٹن سرکاری طور پر دہشتگرد صیہونی حکومت کی حمایت کرتا ہے جو اپنے دہشتگردانہ اقدامات کا اعتراف کرتی ہے -
آپ نے فرمایا کہ امریکی حکومت اس غیر قانونی حکومت کی بدترین شکل میں حمایت کرتی ہے اور ایران پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام لگاتی ہے –