وحدت نیوز (اسلام آباد) سعودی عرب کے خلاف بیان دینے پر وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی امور ریاض پیرزادہ سے ناراض ہوگئے ہیں اور انہیں وزیراعظم ہاوس طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ریاض پیرزادہ نے مسلم دنیا کے عدم استحکام کا ذمہ دار سعودی عرب کو ٹھہرایا تھا، جس پر وزیراعظم نواز شریف ان سے ناراض ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف وفاقی وزیر نے بیان واپس لینے سے سے انکار کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وزارت امانت ہے، وزیراعظم جب چاہیں استعفٰی مانگ لیں۔ یاد رہے کہ چند ماہ پیشتر بھی بین الاصوبائی امور کمیٹی کے چیئرمین ریاض پیرزادہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران پھٹ پڑے تھے اور شکوہ کیا تھا کہ اگر وزیراعظم وزیر کو اختیارات نہیں دے سکتے تو وزارت ختم کر دیں۔ ریاض پیرزادہ نے کہا تھا کہ وزیراعظم سے سیکرٹریٹ کے لئے بلاک مانگا لیکن طاقتور وزارت کے خوف سے سیکرٹریٹ نہیں دیا جا رہا، اگر میں قابل نہیں تو وزیراعظم قابل وزیر لے آئیں۔ انہوں نے کمیٹی کو یہ بھی کہا تھا کہ تمام وزراء اعلٰی میرے ماتحت ہیں لیکن وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے سوا کوئی وزیراعلٰی فون تک نہیں اٹھاتا جبکہ وزارت ہے مگر بااختیار نہیں۔