وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹرفیصل رضا عابدی سے سینیٹ کی نشست سے استعفٰی طلب کرلیا ہے، سینیٹر فیصل رضا عابدی سے پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف نے پارٹی قیادت کے حکم پر استعفٰی طلب کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے مطابق سینیٹر فیصل رضا عابدی سے سینیٹ کی نشست سے استعفٰی آئین پاکستان کے مخالف تقاریر اور پارٹی پالیسی کے خلاف بیان بازی کرنے کی وجہ سے طلب کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے پارٹی قیادت کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سینیٹر فیصل رضا عابدی کو شوکاز نوٹس اور سات دن میں جواب طلب کیا تھا۔واضح رہے کہ آصف زرداری اور میاں نواز شریف کے درمیان ہو نے والی ایک اہم ملاقات کے بعد اچانک فیصل رضا عابدی سے سینٹ کی رکنیت سے استعفیٰ طلب کیا گیا کیوں کہ فیصل رضا عابدی حکومت اور طالبان کے درمیان جاری مذاکراتی مل کی کھل کر مخالفت کر رہے ہیں اور نواز لیگ کی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ،جب کہ آصف زرداری نے نواز شریف کو طالبان کے ساتھ مذاکرات میں پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے ، لہذافیصل عابدی اور پارٹی قیادت کےدرمیان پالیسی میں واضح اختلاف فیصل عابدی سے استعفیٰ طلب کر نے کی وجہ ثابت ہوا۔