وحدت نیوز (لاہور) شاہ پور کانجراں لاہور میں صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری کی رہائش گاہ پر افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے سُنّی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاسی نظام کو آخری دھکا دینے کا وقت آ گیا ہے، عید کے بعد ناکام اور نااہل حکومت کیخلاف دما دم مست قلندر ہو گا، شیعہ سنی تصادم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پنجاب بجٹ مایوس کن اور غریب دشمن ہے، واشنگٹن اور دہلی پاکستان دشمنی میں متحد ہو چکے ہیں، وقت آگیا ہے کہ پاکستان امریکہ کیخلاف دو ٹوک مؤقف اپنائے، افغان باڈر پر اپنی حدود میں گیٹ لگانا پاکستان کا قانونی حق ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت نے وزارت خارجہ کو 2 بابوں کے حوالے کر رکھا ہے جو ہر وقت آپس میں لڑتے رہتے ہیں، مستقل وزیر خارجہ کی عدم تقرر سے حکومت کی غیر سنجیدگی ظاہر ہو رہی ہے، امریکہ میں فائرنگ کے واقعہ سے یورپ اور امریکہ میں مقیم مسلمانوں کے مسائل میں اضافہ ہو گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ شام اور عراق میں اہل بیت اور صحابہ کے مزارات کی بیحرمتی کرنے والے خوارج ہیں، نواسی رسول سیدہ زینبؑ کے مزار کی بیحرمتی نا قابل برداشت ہے، ہمارے حکمران دولت کے پجاری اور اقتدار کے بھوکے ہیں، حکمران اشرافیہ کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ قومی مفاد کے تابع نئی خارجہ پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، نظام زر و ظلم آخری سانسیں لے رہا ہے، غریب اور محروم طبقات اپنے حق کیلئے عید کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے، حکومت نے 3 سالوں میں عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا، انتخابی وعدے پورے نہ کرنے والوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔