کوٹلی امام حسین (ع) کا مسئلہ قومی غیرت و ناموس کا مسئلہ ہے، اس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، علامہ اقبال بہشتی

29 اپریل 2017

وحدت نیوز(انٹرویو) ڈی آئی خان میں احتجاجی ریلی کی قیادت کے بعد اسلام ٹائمز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں، جو یہاں موجود ہیں، بنیادی طور پر یہ ذمہ داری موجود لوگوں کی تھی کہ وہ کسی کو بھی اس اراضی پر ایک اینٹ بھی نہ رکھنے دیتے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔ ابھی بھی مختلف لوگوں کو محکمہ اوقاف اور سرکار کیجانب سے مختلف پیش کش ہو رہی ہیں۔ انہیں ایک آفر یہ بھی ہوئی ہے کہ ایک سو چالیس کنال ہم آپ کے نام پر انتقال کرتے ہیں، باقی اراضی آپ چھوڑ دیں۔ مگر ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ 327 کنال 9 مرلے میں سے ہم ایک مرلے سے بھی دستبردار نہیں ہونگے۔ کوٹلی امام حسین (ع) اراضی تشیع غیرت اور ناموس کا مسئلہ ہے۔ افسوس ہے سانپ سونگھے ان مردہ ضمیروں پر، جو بہت سارے اہم قومی یا ملکی مسائل میں اپنی سستی، خوف اور حکومت پرستی کو حکمت و مصلحت کا نام دیکر اپنی خاموشی سے ظالموں کیلئے تقویت کا باعث بنتے ہیں اور عام حالات میں گفتار کے غازی بنکر سوشل میڈیا کی حد تک عوام کے وارث بننے کی کوشش کرتے ہیں۔
 
علامہ محمد اقبال بہشتی مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا کے موجودہ سیکرٹری جنرل ہیں، انکا تعلق ضلع کوہاٹ کے علاقہ بنگش سے ہے، انکے والد آرمی میں تھے اور 1965ء کی پاکستان اور بھارت جنگ میں شہید ہوئے۔ انہوں نے 1983ء میں بنوں سے ایف ایس سی کی اور آرمی میں آئی ایس ایس بی کا ٹیسٹ کلیئر کیا، انہی دنوں میں انکی ملاقات قائد شہید عارف حسین الحسینی سے ہوئی اور یہ ملاقات انکے لئے انقلاب سے آشنائی کا باعث بنی، جس سے انکا رجحان دین کیطرف ہوگیا اور انہوں نے 1984ء میں باقاعدہ طور پر پاراچنار کے دینی مدرسہ جعفریہ میں تعلیم کا حصول شروع کیا۔ 1992ء تک قم ایران میں پڑھتے رہے اور سال کے آخر میں پاکستان آگئے۔ 1992ء سے لے کر 2010ء تک اورکزئی ایجنسی کے مدرسے کا چارج سنبھالا، جسکی بنیاد شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی نے رکھی تھی۔ 2010ء کے آخر میں انہوں نے مجلس وحدت مسلمین میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کی۔ کوٹلی امام حسین (ع) کی اراضی کے مسئلہ پر انہوں نے ڈی آئی خان کا دورہ کیا اور احتجاجی ریلی و مظاہرے کی قیادت کی۔ خیبر پختونخوا میں تشیع املاک پہ ناجائز قبضے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اسلام ٹائمز نے انکے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا، جسکا احوال انٹرویو کی صورت میں پیش خدمت ہے۔ (ادارہ)

اسلام ٹائمز: کیا وجہ ہے کہ خیبر پختونخوا میں تشیع املاک پر ناجائز قبضے اور عزاداری کیلئے وقف املاک کی قانونی حیثیت میں بوگس تبدیلی کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں، کیا یہ کوئی حکومتی پالیسی ہے، یا تشیع کی کمزوری۔؟
علامہ اقبال بہشتی: خیبر پختونخوا بشمول فاٹا میں زیادہ تشیع آبادی والے علاقے چند ہیں۔ جیسا کہ پارا چنار جہاں ساڑھے چار لاکھ سے زائد شیعہ، ہنگو، کوہاٹ، اورکزئی میں ساڑھے تین لاکھ، ڈی آئی خان میں اڑھائی لاکھ سے زائد شیعہ آبادی ہے۔ چونکہ یہ شیعہ اکثریتی علاقے ہیں تو یہاں پر تشیع جائیدادیں، زمینیں، املاک نجی و قومی (دونوں) زیادہ ہیں۔ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ شیعہ اکثریتی علاقوں کو ڈسٹرب کرے۔ اسی کا تسلسل ہے کہ ہماری املاک پر قبضے بھی ہو رہے ہیں اور ان کی قانونی حیثیت بھی تبدیل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان کوششوں میں صوبائی حکومت باقاعدہ شریک ہے۔ اورکزئی ایجنسی، پاراچنار میں ہماری تقریباً بارہ ہزار کنال زمین کو ہڑپ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ اس زمین پر ترقیاتی کام کرکے یعنی بجلی، روڈ و دیگر سہولیات فراہم کرنے کے بعد وہاں طالبانی فکر کے لوگوں کو آباد کیا جا رہا ہے۔ یعنی وہ لوگ جنہیں ہم سنی بھی نہیں کہہ سکتے۔ خوارج ہیں، دہشت گرد ہیں۔ ان لوگوں کو زمین دی جا رہی ہے۔ پاراچنار، اورکزئی صوبائی حکومت کے زیرانتظام نہیں ہیں، مگر کوہاٹ اور ڈی آئی خان تو ہیں۔ اورکزئی میں پولیٹیکل ایجنٹ اور دیگر افسران لاکھوں روپے رشوت لیکر ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

دوسرا اہم مسئلہ جو ضلع کوہاٹ کا دیرینہ مسئلہ ہے، وہ کچئی میں ضلع اور علاقہ غیر کی حدبندی اور ہماری زمین پر مخالفین (طالبانی فکر) کے قبضے کا ہے۔ یہاں بھی زمین سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں کنال ہے۔ کچئی باقاعدہ ضلع ہے۔ یہاں کی ہزاروں کنال زمین باقاعدہ ہمارے پاس انتقال شدہ ہے۔ ہمارے پاس اس کے نقشے ہیں، کاغذات ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ضلع اور علاقہ غیر کے مابین باؤنڈری کو تازہ کیا جائے۔ چونکہ اس علاقے میں اربوں کا قیمتی کوئلہ موجود ہے، لہذا افسران رشوتیں لیکر اس معاملے کو سلجھانے کے بجائے زیادہ الجھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور قانونی طریقے سے اسے حل کرنے کی حوصلہ افزائی کے بجائے علاقائی سطح پر جرگے کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاکہ اس کا رزلٹ آدھا تم لو اور آدھا تم والا معاملہ ہو جائے۔ تیسرا اہم ترین مسئلہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کوٹلی امام حسین (ع) کی اراضی کا ہے۔ کوٹلی امام حسین (ع) کی اراضی مرکزی سرکلر روڈ کے دونوں جانب لب پر واقع ہے۔ یہ کل 327 کنال اور 9 مرلے اراضی ہے، جو کہ 1837ء میں ایک ہندو مادھو لعل (جو کہ امام حسین (ع) سے انتہائی عقیدت و محبت رکھتا تھا) نے امام حسین (ع) کے نام پر وقف کی تھی۔ 1837ء سے لیکر 2013ء تک اس اراضی کی قانونی حیثیت وقف امام حسین (ع) ہی رہی۔ 2013ء میں انتخابات کی گہما گہمی کے اندر اور غل غپاڑے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محکمہ اوقاف نے اس اراضی کا انتقال اپنے نام پر کر لیا۔ اول تو یہ انتقال ہی بوگس اور جعلی ہے، کیونکہ منتقلی کیلئے صاحب جائیداد کی موجودگی، دستخط ضروری ہیں۔ اس مسئلہ کو بھی ایم ڈبلیو ایم نے ہی اٹھایا ہے۔ اس جعلی انتقال کے خلاف ہمارا احتجاج جاری ہے۔ ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ کوٹلی امام حسین (ع) کی پرانی حیثیت کو بحال کیا جائے اور دوبارہ وقف امام حسین (ع) کی جائے نہ کہ محکمہ اوقاف کے نام پر منتقل۔

اسلام ٹائمز: کوٹلی کے مسئلہ پر کافی دنوں سے احتجاج جاری ہے، حکومت یا انتظامیہ کوئی نوٹس لینے پر تیار نہیں ، تو آپکا آئندہ لائحہ عمل کیا ہوگا۔؟
علامہ اقبال بہشتی: جی ہمیں بھی اندازہ ہے کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، مگر تشیع قوت کوئی اتنی لاغر یا کمزور نہیں ہے کہ وقف امام حسین (ع) اراضی کی حفاظت نہ کر پائے اور اغیار اسے یوں ہتھیا لے جائیں۔ احتجاج کا سلسلہ شروع ہے۔ لوگوں میں بیداری آرہی ہے، انہیں اپنے حقوق کا اندازہ ہے اور اب انہیں اپنے حقوق لینے کا طریقہ بھی آنا چاہیئے۔ قومی غیرت کا تقاضہ بھی یہی ہے کہ عوامی، پرامن جدوجہد کے ذریعے حکومت کو مجبور کیا جائے کہ وہ کوٹلی امام حسین (ع) کی پرانی حیثیت کو بحال کرے۔ ہم اپنے عوامی احتجاج کا سلسلہ دراز کر دیں گے۔ اس کے علاوہ ہم دونوں راستے استعمال کریں گے۔ قانونی راستہ بھی اپنائیں گے کہ اس جعلی انتقال کو منسوخ کیا جائے اور عوامی جدوجہد کا راستہ بھی اپنائیں گے۔ کچھ بھی ہو، ہم کوٹلی امام حسین (ع) کی پرانی قانونی حیثیت کی بحالی سے کم پر راضی نہیں ہوں گے اور نہ ہی ایک مرلہ زمین چھوڑیں گے۔

اسلام ٹائمز: کوٹلی امام حسین (ع) کا مسئلہ پرانا ہے، صوبائی حکومت کا موقف ہے کہ مسئلہ وفاق کے اینڈ پر ہے، ایم ڈبلو ایم ملک گیر تنظیم ہے، تو مرکزی سطح پر یہ مسئلہ کیوں نہیں اٹھایا جاتا، وفاقی حکومت کے سامنے۔؟
علامہ اقبال بہشتی: کوٹلی امام حسین (ع) کی اراضی کا مسئلہ ہو یا خیبر پختونخوا میں دیگر قومی و تشیع املاک کا، یہ ڈیڈ مسائل تھے جنہیں مجلس وحدت مسلمین نے مرکزی سطح سے دوبارہ زندہ کیا ہے اور ان پر بات کی ہے۔ یہ مختلف مسائل تھے کہ جن کے حل کیلئے علامہ راجہ ناصر عباس طویل ترین بھوک ہڑتال پر گئے۔ ابھی چونکہ ہم املاک والے موضوع پر ہی بات کر رہے ہیں تو مرکزی سطح سے جو جدوجہد شروع ہوئی، اسی کے تسلسل میں ہم صوبائی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ راجہ صاحب سے عمران خان نے ملاقات کی، وزیراعلٰی پرویز خٹک نے ملاقات کی۔ اس کے بعد سے ہمارے وفود وزیراعلٰی اور صوبائی وزراء سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بہرحال یہ مسائل مرکز سے بھی اٹھا رہے ہیں اور یہاں سے بھی۔ مجلس وحدت مسلمین تشیع کے دفاع، تشیع املاک کے دفاع میں پوری طرح متحرک ہے۔ کوٹلی کی پرانی قانونی حیثیت کی بحالی تک ہمارا احتجاج تو جاری رہیگا۔

اسلام ٹائمز: کوٹلی امام حسین (ع) کے اندر جو شیعہ قومی جماعت طویل عرصہ سے موجود ہے، وہ کوٹلی بچاؤ تحریک میں شامل نہیں اور نہ ہی اس معاملے پر آپکے ساتھ کوئی ہم آہنگی دیکھائی دیتی ہے۔؟
علامہ اقبال بہشتی: یہی ہماری غفلتیں ہیں، لاپرواہی ہے کہ جس کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنا پڑ رہے ہیں۔ بنیادی طور پر یہ ذمہ داری وہاں موجود لوگوں کی تھی کہ وہ کسی کو بھی اس اراضی پر ایک اینٹ بھی نہ رکھنے دیتے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔ ابھی بھی مختلف لوگوں کو محکمہ اوقاف اور سرکار کی جانب سے مختلف پیش کش ہو رہی ہیں۔انہیں ایک آفر یہ بھی ہوئی ہے کہ ایک سو چالیس کنال ہم آپ کے نام پر انتقال کرتے ہیں، باقی اراضی آپ چھوڑ دیں۔ مگر ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ 327 کنال 9 مرلے میں سے ہم ایک مرلے سے بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ تشیع غیرت اور ناموس کا مسئلہ ہے۔ البتہ افسوس ہے سانپ سونگھے ان مردہ ضمیروں پر، جو بہت سارے اہم قومی یا ملکی مسائل میں اپنی سستی، خوف اور حکومت پرستی کو حکمت و مصلحت کا نام دیکر اپنی خاموشی سے ظالموں کیلئے تقویت کا باعث بنتے ہیں اور عام حالات میں گفتار کے غازی بنکر سوشل میڈیا کی حد تک عوام کے وارث بننے کی کوشش کرتے ہیں۔

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان شہداء کی سرزمین ہے، کیا یہاں کوئی تبدیلی بھی محسوس کرتے ہیں۔؟
علامہ اقبال بہشتی: ڈیرہ اسماعیل خان شہداء کی سرزمین ہے، بہادروں تعلیم یافتہ، صاحب زیرک شجاع نوجوانوں کی سرزمین ہے۔ یہاں کے نوجوان، خواتین دینی، تعلیمی میدان میں مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہاں کی گلی کوچوں میں تشیع کا بیدردی سے خون بہایا گیا۔ ایک ایک گھر سے کئی کئی جنازے اٹھے۔ بے گناہ معصوم تشیع نوجوان عرصہ دراز سے لاپتہ ہیں۔ سرکاری سرپرستی میں یہاں پر ظلم و جور کا بازار گرم کیا گیا۔ یہاں تک کہ جیلوں کے اندر تک بے گناہ نوجوانوں کے گلے کاٹے گئے۔ ہمارا سلام ہے ان ماؤں بہنوں کو کہ جنہیں اپنے بچوں کی، بھائیوں کی اعضاء بریدہ، لاشیں تو ملی مگر انصاف نہیں ملا۔ یہاں تشیع پر زندگی کے دروازے بند ہوئے، کاروبار ختم کئے گئے۔ چنیدہ افراد کا اہدافی قتل کیا گیا۔ خودکش حملے ہوئے، دھماکے ہوئے مگر اس کے باوجود ان کے پایہ استقامت میں لغزش نہیں آئی۔ اس سرزمین کے جوانوں، بہادروں کو ہمارا سلام کہ عصر یزیدیت میں حسینیت کی مالا جپھ رہے ہیں۔ یہاں کے نوجوانوں کو رہنمائی کی ضرورت ہے۔ اصلاح اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ یہاں فلاحی کاموں کی ضرورت ہے۔ تعلیمی، تنظیمی حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر صحیح معنوں میں یہاں کام کیا جائے تو
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی

اسلام ٹائمز: آخری سوال، یہ چند دنوں سے پاراچنار شہر کے گرد خندق کی کھدائی کا ذکر عام ہے، کیا سچ ہے۔؟
علامہ اقبال بہشتی: اس حوالے سے مستند رائے دینا تو شائد میرے لئے ممکن نہ ہو، البتہ ماہرین فن اور اس فیلڈ سے متعلقہ افراد ہی اس کا بہتر جواب دے سکتے ہیں۔ اس کے باوجود انسانی ذہن میں یہ سوال تو اٹھتے ہیں کہ کیا خندق کی کھدائی سے دہشت گردوں کا راستہ بند ہو جائیگا اور وہ پارا چنار میں داخل نہیں ہو پائیں گے۔ آیا اس طرح کے اقدامات سے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہوں گے یا عوام کے۔ خندق کے اندر موجود علاقہ، افراد محدود ہو جاتے ہیں، تو کیا خندق سے ایسا نہیں ہوگا کہ اہل شہر مقید اور دہشت گرد آزاد۔؟ اس کے علاوہ اگر یہ عمدہ نسخہ اتنا ہی کارگر ہے تو صرف پارا چنار میں ہی کیوں اپنایا جا رہا ہے۔ کیا خندقیں دھماکے، گولیاں روک سکتی ہیں۔ کیا خندق کی کھدائی سے شہر اور آس پاس کے دیہاتوں میں فاصلہ نہیں بڑھ جائے گا، اور فاصلہ بڑھنے کی وجہ سے کیا لوگ ایک دوسرے کی مدد کیلئے بروقت پہنچ پائیں گے۔؟ لوگوں کا ایک دوسرے سے رابطہ واسطہ توڑ کر، آمدروفت میں خلل ڈال کر کیا فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ پاراچنار کے شہریوں کیلئے مخلصانہ اقدام اٹھا رہی ہے۔ بات یہ ہے کہ پاراچنار آل سعود کی آنکھ میں کانٹا بن کر چبھ رہا ہے۔ پاکستانی حکمران غاصبین حرمین کی آنکھ کے علاج پر مامور بھی ہیں اور مجبور بھی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree