وحدت نیوز (کوٹ مٹھن) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے معروف صوفی بزرگ حضرت خواجہ غلام فرید ؒکےسالانہ عرس کے موقع پر قومی خواجہ فرید امن کانفرنس میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا، کوٹ مٹھن آمد پر سجادہ نشین دربار عالیہ خواجہ عامر فرید کوریجہ نےسینکروں مریدوں کے ہمراہ علامہ راجہ ناصرعباس کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، کانفرنس سے شیعہ سنی اکابرین سمیت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما اور ڈاکٹر طاہر القادری کے فرزند صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نےبھی خطاب کیا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ پاکستان اولیا ءاور اوصیاءکے ماننے والے شیعہ اور سنی عوام نے ہزاروں جانوں کے قربانیاں دے کر حاصل کیا، آج اولیاءکے منکر پاکستان کے خلاف سنگین سازشوں میں مصروف ہیں ، پاکستان بنانے والے شیعہ اور سنی قومی سیاست سے دور جبکہ پاکستان مخالف قوتیں ایوانوں پر قابض ہیں ، انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ غلام فرید ؒ سمیت تمام بزرگان دین اور اولیاءکرام کی تعلیمات اس بات کا تقاضہ کرتی ہیں کہ مسلمان باہم یکجہتی اور اخوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف صف آراءہو جائیں ، انبیاءاور آئمہ کرام کے بعد اسلامی تعلیمات اور سیرت ختمی مرتبت کی ترویج کا کام اولیاء الہٰی نے انجام دیا اور آج ہمیں یہ تعلیمات معاشرے میں عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔