ایم ڈبلیوایم کے ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین کی چیف سیکرٹری کے پی کےسے ملاقات، ضلع کرم کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو

30 اکتوبر 2024

وحدت نیوز (پشاور) قومی اسمبلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین نے خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ضلع کرم کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایم این اے انجینئر حمید حسین نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ضلع کرم کی اہم شاہراہوں پر مسافروں کے قتل و غارت کے واقعات رونماء ہو رہے ہیں، جن میں درجنوں افراد جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں، جن میں بچے و خواتین شامل ہیں۔ ایسے واقعات منصوبہ بندی کے تحت ہو رہے ہیں۔ ان دہشتگردی کے واقعات کے بعد ٹل، پاراچنار مین شاہراہ سمیت ضلع کرم کی اہم سڑکیں بند ہیں، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹل پاراچنار روڈ پچھلے 18 دنوں سے بند ہے۔ چونکہ یہ ضلع کرم کی آمدورفت کی واحد شاہراہ ہے، اس کی بندش کی وجہ سے اشیائے خورد و نوش، پیٹرولیم مصنوعات، ادویات، گھریلو سلنڈر وغیرہ ناپید ہو چکے ہیں۔ تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں، ضلع کرم کے طلباء جو ملک کے دوسرے علاقوں کے کالجز و یونیورسٹیوں میں پڑھتے ہیں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، باہر ممالک جانے والے مسافروں کے ویزے ختم ہو رہے ہیں، شدید مریضوں کو علاج کے لئے پشاور منتقل کرنا ناممکن ہے۔

چیف سیکرٹری نے ایم این اے انجینئر حمید حسین کو یقین دلایا کہ ضلع کرم کے عوام کی مشکلات جلد از جلد حل کی جائیں گی، ٹل، پاراچنار روڈ کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے جن کے اثرات ایک دو دن میں نظر آئیں گے۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے ضلع کرم کے زمینی تنازعات و دیگر مسائل کے حل کے لئے طریقہ کار و تجاویز طلب کیں۔ واضح رہے کہ ملاقات کے شروع میں چیف سیکرٹری کے آفس کے مطابق ضلع کرم میں حالات بالکل نارمل بتائے گئے اور یہ بھی کہا گیا کہ ٹل پاراچنار مین شاہراہ آمدورفت کے لئے مکمل طور پر کھلی ہے اور عوام کو ضلع کرم میں آنے جانے میں کوئی مشکل نہیں ہے اور نہ ہی ضروریات زندگی کی کوئی کمی ہے۔ ایم این اے انجینئر حمید حسین نے ضلع کرم سے غلط رپورٹنگ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور چیف سیکرٹری سے کہا گیا کہ ضلع کرم میں جاری بدامنی و دہشتگردی کے واقعات میں مقامی انتظامیہ مکمل طور پر ملوث ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree