وحدت نیوز(سکردو) ممبر جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے پہاڑوں میں موجود معدنیات یہاں کے باسیوں کی ملکیت ہیں، لینڈ ریفارمز، گرین ٹورزم کے نام پر غداروں کو گلگت بلتستان کا سودا کرنے نہیں دیں گے، ہر فورم پر عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی معدنیات بیچنے کا اعلان کرنے والی وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتیں اپنا موقف واضح کریں کہ وہ یہاں کے عوام کے ساتھ کھڑی ہیں یا اس خطے کے سوداگروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ گلگت بلتستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارا شرعی فریضہ ہے۔ رجیم چینج کے ذریعے ملک کے کرپٹ لوگوں کو ہمارے اوپر مسلط کر کے ہمارے وسائل پر قبضے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ ایسے عوام دشمن پالیسیوں کو گلگت بلتستان کے غیور عوام ہرگز کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔