وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فہم قرآن کی تیسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے بسم اللہ کے مفہوم پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ہر عمل کا آغاز بسم اللہ سے کرنا حکمت الہی سے خالی نہیں۔ہر سورت کے ساتھ بسم اللہ کا مفہوم منفرد ہے صرف وہی نیک عمل خداکے قریب کرے گا جو گناہ سے پاک ہو جس میں ریاکاری نہ ہو۔جب تک مقصد میں الہی رنگ نہیں ہو گا تب تک ہم خدا کا قرب حاصل نہیں کرسکتے۔خدا کی رحمت دو طرح کی ہے۔ ایک رحمت رحمانیہ جو کہ ہر شے کے لیے ہے۔رحمان کی حیثیت سے خدا کا فیض کائنات کی ہر مخلوق تک پہنچتا ہے۔وجود عطا کرنا بھی رحمت خدا ہے۔عدم سے وجود بخشنا بھی رحمت ہے۔یہ رحمت پہلے ہے اور خدا کا غضب بعد میں ہے۔سورۃ الرحمن میں ر خدا نے اپنی رحمتوں کا شمار کیا ہے۔دوزخ کی بھی اللہ تعالی کی ایک نعمت ہے۔اگر یہ نہ ہوتا تو بہت سارے اطاعت گزار اللہ تعالی کی پیروی نہ کرتے۔خدا تعالی کی صفت رحیمہ کی ایک مخصوص حد ہے۔انبیا کو بھیجنا بھی رحمت رحیمیہ ہے۔یہ انسانوں کے لیے خاص ہے ،نباتات و جمادات کے لیے نہیں ہے۔قرآن رحمت رحیمہ ہے۔ہدایت دینا ،توبہ قبول کرنا رحیم ہونے کی حیثیت سے خدا کی رحمت ہے جو ایسے مومنین کے لیے ہے جو اس سے استفادہ کرتے ہیں۔قرآن پاک میں واضح طور پر اس کا تذکرہ موجود ہے۔ یاد رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کے درس کا یہ سلسلہ اول رمضان سے جاری ہے جسے شرکا کے علاوہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد ان کے آفیشل پیج پر براہ راست دیکھتے اور استفادہ کرتے ہیں۔