وحدت نیوز( کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے زیر اہتمام عید غدیر کے موقع پر اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں اپنی نئی زندگی کا آغاز کرنے والے جوڑوں میں گھریلو سامان سمیت تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میںتمام مکاتب فکر اور عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے جوڑے بھی شامل تھے،پر وقار اور بلا رنگ و نسل و مذہب تقریب کے اہتمام پر عوام کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماءعلامہ سید ہاشم موسوی ، صوبہ بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ برکت مطہری، ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا رضوی اور ڈویژنل کابینہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوری نے کہا کہ مادر وطن میں بسنے والے تمام مکاتب و مذاہب کے افراد ہمارے بھائی ہیں،اہل وطن میں مذہب مکتب اور قومیت کے نام پر تقسیم پیدا کرنے والے دشمن کے آلہ کار ہیں۔ہم اسی تفریق کیخلاف جدوجہد میں مصروف ہیں اور اسکا عملی نمونہ آج کی یہ پروقار تقریب ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن ہمیں تقسیم کرکے ملکی سلامتی پر وار کرنے کے درپے ہیں،ہم سلام پیش کرتے ہیں ہمارے رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا کو جنہوں نے حقیقی عوامی نمائندہ ہونے کا ثبوت دیا۔بلوچستان کے غیور عوام ملک دشمنوں کیخلاف متحد ہو کر قومی سلامتی میں اپنا کردار ادا کریں۔