مظلوم کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی علامہ راجا ناصر عباس جعفری

05 فروری 2023

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے آج یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 فروری کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اپنی حمایت دل وجان سے جاری و ساری رکھیں گے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے جسے ہر صورت بھارتی شکنجے سے حاصل کر کے دم لیں گے اور اپنی اصولی حمایت سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے، کشمیری عوام نسل درنسل بھارتی جبرواستبداد برداشت کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے حق خودارادیت کے حصول کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پون صدی گزرنے کے باوجود بھی اقوام متحدہ کشمیریوں کو اپنی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلوانے میں ناکام ہے، دوغلے معیار کی وجہ سے یو این اپنی غیر جانبدارانہ حیثیت کھو چکا ہے۔ کشمیر کا مسئلہ تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اسے مکمل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام ناممکن ہے، موجودہ حکومت کشمیر کے ایشو کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو صلب کیے جانے سے بھارت کو روکے اور ان سنگین جرائم کو عالمی برادری اور فورمز پر اْجاگر کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے کہ جس سے مودی سرکار کا بھیانک چہرہ بےنقاب ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر و فلسطین سمیت دنیا کے ہر خطے میں رہنے والے مظلومین کی حمایت جاری رکھیں گے اور ظالم و جابر قوتوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے، بھارتی فورسز چاہے جس قدر کشمیر کے بہادر اور پرعزم عوام پر اپنے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر لے وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔پوری پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں لہذا یہ جدوجہد آزادی کا سفر کامیابی کے حصول تک جاری رہے گا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree