6 ستمبر یوم دفاع کا دن جرات و قربانی کے بے مثال جذبوں سے تجدید عہد کا دن ہے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

06 ستمبر 2023

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت و سلام اور قربانی دینے والے شہداء کے لواحقین کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، 6 ستمبر 1965ء کا دن پاکستان کی غیور ملت اور بہادر افواج کی جرأت و قربانی کا عکاس ہے، 58 سال قبل وطن کے جانباز سپوتوں اور بہادر قوم نے دنیا پر ثابت کیا کہ ہم ہر قیمت پر اپنی مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، دشمن کس قدر بڑا اور قوی ہے، حجم اہمیت نہیں رکھتا۔ جوش و ولولہ اور جرأت و بہادری اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل معاشی صورتحال کے باوجود اپنے دفاع کی مضبوطی سے غافل نہیں رہ سکتا، مقبوضہ کشمیر جنوبی ایشیاء کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے، مقبوضہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل علاقائی امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے، بھارت نے کئی دہائیوں سے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وبربریت اور خوف کا راج مسلط کر رکھا ہے، جس کا مظاہرہ وہ کشمیری آبادیوں کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر بھی کرتا رہتا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں معصوم شہری اپنی جانوں سے محروم ہو چکے ہیں، اس درندگی پر پوری دنیا میں امن اور انسانی حقوق کا دم بھرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس بات کا ادراک کرنا چاہئے کہ ہماری امن کی خواہش خطے کے امن و استحکام کے لیے ہے نا کہ اسے کمزوری سمجھا جائے، یہ جنوبی ایشیاء کے عوام کی اقتصادی بہبود اور خوشحالی کیلئے ہے، ہمیں امن کی خاطر اور آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہماری پر عزم قوم اور بہادر مسلح افواج ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، ہم کسی بھی قسم کے حالات سے نبرد آزما ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، ہم آج پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، اس عزم کی تجدید جس کا مظاہرہ 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں نے کیا تھا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree