نیکٹا اور شیڈول فور میں شامل دہشت گردوں کو پولیس نے کھلے عام شرپسندی کی چھوٹ دے دی ہے، ملت جعفریہ کو سیکیورٹی کے حوالے سے سنگین خدشات لاحق ہیں،علامہ مقصود ڈومکی

25 اکتوبر 2024

وحدت نیوز(جیکب آباد)سانحہ شب عاشور جیکب آباد کے شہداء کی نویں برسی کی مناسبت سے مقتل شہداء جیکب آباد میں عظیم الشان عظمت شہداء کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس سے پاکستان کے معروف خطیب، ممتاز عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، ایم پی اے حاجی شیر محمد مغیری، جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی نائب امیر حافظ نصر اللہ چنا، ضلعی صدر حاجی دیدار علی لاشاری، چیمبر اف کامرس جیکب آباد کے صدر حاجی احمد علی بروہی، پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ کے صوبائی رہنماء انتظار حسین چھلگری، مہران سوشل فورم کے چیئرمین عبدالحئی سومرو، انجمن سپاہ علی اکبر کے چئیرمین سید احسان علی شاہ بخاری، مجلس علمائے مکتب اہل بیت ضلع جیکب آباد کے صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی، وحدت یوتھ ونگ کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری اللہ بخش میرالی و دیگر نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں سانحہ شب عاشور جیکب آباد اور تحریک آزادی فلسطین کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ دشمن ہمیں قتل کرکے بھی ناکام رہا، جبکہ ہمارے شہداء اپنی جان کا نذرانہ دے کر بھی کامیاب ہو گئے۔ شہداء جیکب آباد کی یاد میں تقریب منعقد کرکے آپ نے شہدائے راہ کربلا کے مشن اور مقصد کو زندہ رکھا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈمکی نے کہا کہ غزہ فلسطین اور لبنان کے شہداء کا پاکیزہ خون غاصب اسرائیل کی نابودی کا سبب بنے گا۔ عالم اسلام کو شہید اسماعیل ہانیہ، شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید یحی سنوار پر ناز ہے۔ غزہ کی مظلومیت نے عرب اور اسلامی دنیا میں چھپے منافقین کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں کالعدم دہشت گرد گروہ کے غیر قانونی جلسے اور شرانگیزی افسوسناک عمل ہے۔ نیکٹا اور شیڈول فور میں شامل دہشت گردوں کو پولیس نے کھلے عام شرپسندی کی چھوٹ دے دی ہے، جبکہ اس وقت ملت جعفریہ کو سیکیورٹی کے حوالے سے سنگین خدشات لاحق ہیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ شیعہ رہنماء اور انجمن سپاہ علی اکبر کے چیئرمین سید احسان علی شاہ بخاری نے کہا کہ ایس ایس پی جیکب آباد صدام حسین خاصخیلی کے آنے کے بعد ضلع جیکب آباد میں کالعدم دہشت گرد ٹولے کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں باعث تشویش ہیں۔ ٹھل میں سانحہ شب عاشور جیکب آباد بم دھماکے کے مجرموں اور سہولت کاروں کی جانب سے پولیس پروٹوکول میں جلسہ کرنا ایس ایس پی صدام خاصخیلی کے جانبدارانہ رویے کو ظاہر کرتا ہے۔ ایس ایس پی کی جانب سے ملت جعفریہ کی مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور شخصیات سے سیکیورٹی کلوز کی گئی ہے۔ موجودہ صورتحال میں ہم خود کو غیرمحفوظ سمجھتے ہیں۔ جماعت اسلامی سندھ کے رہنماء حافظ نصراللہ چنا نے کہا کہ حماس اور حزب اللہ خدا کی راہ میں جہاد کر رہے ہیں۔ ایران کے اسرائیل پر حملہ کرنے سے امت مسلمہ کو جرات اور حوصلہ ملا ہے۔ جماعت اسلامی مظلومین غزہ و فلسطین کے ساتھ ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree