آئین پاکستان کے بنیادی اصولوں سے متصادم فوجداری ترمیمی بل2021ء کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، مجلس علمائے شیعہ پاکستان

19 جنوری 2023

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم آئین پاکستان کے بنیادی اصولوں سے متصادم کسی بھی فرقہ وارانہ بل کو مسترد کرتے ہیں اور اس طرح کی کسی بھی قانون سازی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے جس کی آڑ میں ملکی ہم آہنگی اور رواداری کے ماحول کو خراب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان میں تمام مذاہب اور مسالک کو اپنے بنیادی مذہبی اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی اور ضمانت دی گئی ہے لہذا ہر شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی دوسرے کے عقائد ونظریات کی توہین کیئے بغیر اپنی عبادات کی پریکٹس بلا کسی دباؤ اور خوف سے کر سکتا ہے لیکن یہ آئے روز متعصبانہ اور فرقہ وارانہ سوچ پر مبنی بل کبھی صوبائی اسمبلیوں سے تو کبھی قومی اسمبلی سے منظور کروانے کی کوشش کی جاتی ہے جسے ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا یہ انتہائی حساس نوعیت کے معاملات پر مشتمل قانون ہے جسے قومی اسمبلی سے منظور کیا جانا عجلت پسندی اور ناعاقبت اندیشی پر مبنی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک پہلے ہی بہت سارے مسائل میں گھرا ہوا ہے اور اوپر سے اس طرح کے نازک اور حساس نوعیت کے معاملات کو اٹھانا سراسر غیر دانشمندانہ اور احمقانہ اقدام ہے جسے فوری طور پر روکا جائے۔ پاکستان میں سب جانتے کہ ایک مخصوص سوچ رکھنے والے گروہ نے مارو مارو اور کفر کے فتوے دیئے جس سے صدیوں سے اکٹھے رہنے والے تمام مذاہب و مسالک کے درمیان اتحاد و وحدت کی فضا کو انتشار کا شکار کرنے کی سوچی سمجھی سازش کی گئی جسے آج بھی اس بل کی شکل میں مسلط کرنے کی تگ ودو جاری ہے۔ جسے مجلس علمائے شیعہ پاکستان سمیت اس مملکت خدا داد کا ہر باشعور شہری یکسر مسترد کرتا ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree