وحدت نیوز (لاہور) حکومت دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے دہشتگردوں کے سیاسی سرپرستوں اور سہولت کاروں کیخلاف کاروائی کرے،فوجی عدالتوں میں من پسند مقدمات کو بھیج کر دہشتگردی کے سب سے زیادہ متاثرہ فریق ملت جعفریہ کو حکمرانوں نے مایوس کیا،ہمارے چوبیس ہزار سے زائد شہداء کے لواحقین اب بھی انصاف کے منتظر ہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر افتخار حسین نقوی نے سانحہ کوئٹہ کی برسی کے موقع پر تعزیتی اجلاس سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ،سانحہ شکار پور،سمیت ملک بھر میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات کو فوجی عدالتوں کے سپرد کرکے لواحقین کو فوری انصاف دلایا جائے،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانی دینے والی قوم ملت جعفریہ کو بیلنس پالیسی کے تحت ہراساں کرنے کا عمل بند کیا جائے،ہمیں فخر ہے کہ ہم نے ہمیشہ اس ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ،ہمارے شہداء نے اپنا خون دے کر ملکی سلامتی پر وار کرنے والوں کا راستہ روکا، آج ستم ظریفی یہ ہے کہ ظالم اور مظلوم کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنے کا عمل جاری ہے،ہمیں کسی سے حب الوطنی کی سرٹیفیکٹ کی ضرورت نہیں،پاکستان کو ہمارے آباو اجداد نے جانی و مالی قربانیاں دے کر حاصل کی ہے ،اور اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کو ہم اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔