وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نقوی نے امجد صابری شہید کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری شہید عاشق محمد و آل محمد (ص) اور دنیا میں سبز ہلالی پرچم کے سفیر تھے، امجد صابری قوال نے معاشرے میں صوفیانہ کلام کے زریعے محبت کا پیغام اور اسلام کے حقیقی چہرے کو متعارف کروایا، ان کے خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں صوفیانہ کلام اور صوفیانہ طرز زندگی اور صوفیانہ افکار کی ترویج کے ذریعے ہی انتہاپسندی کا خاتمہ ممکن ہے، مٹھی بھر تکفیری سوچ کے حامل ملاوں نے پورے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے، طالبان، لشکر جھنگوی، القاعدہ، داعش ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں، آج بھی حکمران اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے انہی منفی سوچ رکھنے والوں کے سامنے بے بس ہیں، ہمارے نااہل حکمرانوں کے سیاسی مفادات اور مصلحت پسندی کے سبب امجد صابری شہید جیسے ہیروز ہم سے جدا ہوئے، ہم ان شاء اللہ شہداء کے وارث ہیں اور شہیدوں کے اس پاکیزہ لہو کو رائیگان نہیں جانے دینگے، ان شاءاللہ امجد صابری شہید و دیگر شہدائے پاکستان کا لہو ملک سے تکفیریت اور انتہا پسندی کے سوچ کے حامل ملک دشمنوں کے خاتمے اور ہلاکت کا سبب بنے گا، صوبائی سیکرٹریٹ میں شہید امجد صابری کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کی درجات کی بلندی کیلئے دعائیہ محفل کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔