وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ مبارک علی موسوی نے مولائے متقیان حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کی اور آپ کے فضائل و مناقب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امامت منصب الہی ہے اور اس کا تعین خدا کی جانب سے کیا جاتا ہے اور خداوند تعالی ایسے شخص کو اس منصب کے لئے منتخب کرتا ہے جو لوگوں کی زیادہ سے زیادہ ضرورتوں کو پورا کر سکے جس میں علم و دانش سر فہرست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے فضائل و کمالات کے بیان سے زبان عاجز ہے البتہ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہم حضرت علی السلام کے سچے پیروکار ہیں یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں حضرت علی علیہ السلام کے علم و کمالات کی روشنی میں مختلف شعبوں میں تحقیق کر کے دنیاوی میدانوں کو تسخیر کرنا چاہیے۔ امام علی علیہ السلام کی سیرت طیبہ کو اپنے لیے نمونہ بنانا چاہیے تاکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملت تشیع ولایت کے پرچم تلے متحد ہے ، دشمن لاکھ کوشش کرےلےہمارے درمیان نفاق پھیلانے میں ناکام رہے گا۔ علامہ سید مبارک علی موسوی کا کہنا تھا کہ آج کا دن خوشی اور جشن کا دن ہے جسے بغیر کسی تعصب کے بھرپور طریقے سے منایا جانا چاہیے۔