وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی نے امریکی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں شہید پاکستانی طالبہ سبیکا کی شہادت پر تعزیتی پیغام میں کہا کہ امریکہ میں اسکولوں میں فائرنگ کے بے تحاشہ واقعات قابل مذمت ہیں ۔ ہمیں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ کسی پاکستانی خاندان کو اس سانحے سے گزرنا پڑے گا۔ ہم سب کو معلوم ہے کہ امریکی سوسائٹی زوال پذیر سوسائٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مبصرین سمجھتے ہیں کہ وہاں لوگوں کو سوسائٹی کا تناؤ ذہنی مریض بنا رہا ہے۔لیکن ہم یہ سمجھتے ہیں یہ واقعات ذہنی تناؤ نہیں بلکہ دہشتگردی کے واقعات ہیں ۔ خدانخواستہ ایسا سانحہ اگر کسی مسلم ملک میں ہو تو مغربی دنیا اسے دہشتگردی کا نام دیتی ہے، اور اپنے دہشتگردوں کو چھپانے کے لیے ایسے دہشتگردوں کو ذہنی مریض بنا کر پیش کیا جاتا ہے،
انہوں نے مزید کہاکہ امریکہ سمیت دیگر مغربی ممالک میں رونما ہونے والے اس طرح کے واقعات اس امر کی دلیل ہیں کہ انتہا پسندانہ رجحانات کا تعلق کسی مذہب سے نہیں بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔جو اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کو دہشت گرد ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں ان کے مقاصد کچھ اور ہیں،انہوں نے سبیکا کے والدین سے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سبیکا بیٹی قوم کا سرمایہ تھی جس کی شہادت افسوسناک سانحہ ہے۔ علامہ مبارک علی موسوی نے شہید بیٹی کی مغفرت اور والدین کے صبر کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔