وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ پنجاب شادمان میں پاکستان تحریک انصاف ضلع لاہور اور شیخوپورہ کے نامزد امیدواران برائے قومی و صوبائی اسمبلی نے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی, مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی, سیکرٹری سیاسیات پنجاب حسن کاظمی, سیکرٹری جنرل لاہور سید حسن رضا ہمدانی،سید حسین زیدی, نقی مہدی اور ایم ڈبلیو ایم کی صوبائی کابینہ سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف سیاسی امور اور الیکشن کمپین سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین کے عہدیداران نے الیکشن 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی بھرپور حمایت اور الیکشن کمپین ساتھ مل کر چلانے کا اعلان کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے
مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ پنجاب میں مختلف قومی و صوبائی حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر رکھی ہے اور اسی سلسلے میں ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ضلع لاہور اور شیخوپورہ سمیت پنجاب کے ان حلقوں میں جہاں ایم ڈبلیو ایم نے امیدوار کھڑا نہیں کیا وہاں ہم پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کریں گے اور اسی طرح جن حلقوں میں پی ٹی آئی نے ہمارے امیدوار کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا وہ اس حلقے میں ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار کی مکمل حمایت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم اور پاکستان تحریک انصاف کا یہ اتحاد صرف سیاسی اتحاد نہیں بلکہ یہ اتحاد پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ضروری تھا. پاکستان کو اس وقت گمبھیر مسائل کا سامنا ہے, جبکہ الیکشن کمیشن نے تکفیری دہشتگرد تنظیموں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے کر پاکستان پر عالمی پابندیوں جیسے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ایم ڈبلیو ایم اور پاکستان تحریک انصاف مل کر ان تکفیری تنظیموں کا راستہ روکے گی اور اسمبلیوں کو دہشتگردوں سے محفوظ بنایا جائے گا۔