وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی نے یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اہل وطن اور ملت اسلامیہ شاعر مشرق کو بھرپور خراج عقیدت پیش کررہی ہے، علامہ اقبال کے افکار اور سوچ نے منزل اور راستے کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال کا شہرہ آفاق کلام دْنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے جب کہ انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو اتحاد و اتفاق کی تلقین کی اور دعوت عمل دی اور تحریک آزادی میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی کاوشیں سنہری حروف میں یاد کی جائیں گی اقبال کی شاعری نے بیداری امت میں جو کردار ادا کیا اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ علامہ سیدمبارک علی موسوی کا مزید کہنا تھا کہ اقبال نے برسوں پہلے ان مسائل کی پیش گوئی کی جن کا ہمیں آج سامنا ہے،اقبال کے تصور اور خودی کے فلسفے کو سمجھ کر پاکستان کو اصل مقام دلا یا جاسکتا ہے۔