وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ آج پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم انہدام جنت البقیع منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ سعودی عرب کی حکومت سے مطالبہ کرے کہ وہ جنت البقیع میں منہدم کئے گئے مزارت کی تعمیر کرے۔
انہوں نے کہا کہ آل سعود کا زوال شروع ہو چکا ہے اور وہ دن دور نہیں جب سعودی عرب میں ان کے اقتدار کا سورج غروب ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آل سعود جنت البقیع کی تعمیر نہیں کرنا چاہتے تو ہمیں اس کی اجازت دیں، پاکستان کے غیور اور محبان اہلبیت عوام اپنے پیسوں سے جنت البقیع کی تعمیر کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسی عجیب بات ہے کہ آل سعود کے محلات تو روشن ہیں جبکہ بنت رسول سلام اللہ علیہا کی قبر مبارک ویران ہے۔ انہوں نے کہا کہ بقیع حرم نبوی (ص) کے بعد مدینہ کا اہم ترین اور افضل ترین مقام ہے، بقیع کا قبرستان سب سے پہلا وہ قبرستان ہے، جو رسول اسلام کے حکم سے مسلمانوں کے ذریعے تاسیس کیا گیا، قبرستان بقیع، اسلام کے قدیمی ترین اور ابتدائی آثار میں سے ہے، یہ امت مسلمہ کا مطالبہ رہا ہے کہ جنت البقیع کو دوبارہ تعمیر کیا جائے، ہم حکومت پاکستان سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ جنت البقیع کی تعمیر نو کیلئے سفارتی سطح پر کوشیش کرے۔