وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی نئی صوبائی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر مولانا عبدالخالق اسدی نے کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع گفتگو کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے نومنتخب عہدیداروں کو الہی ذمہ داریاں ملنے پر ہدیہ تبریک پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ الہی کاررواں میں شمولیت ایک اعزاز ہے اور آپ احباب خداوند متعال کے منتخب لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں دین اسلام کے مثبت امیج کو اجاگر کریں اور وحدت اسلامی کیلئے خدمات سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کا مقصد ہی اتحاد امت ہے، ہم وحدت کے فروغ کیلئے کوشاں اور امت میں موجود دوریاں ختم کر رہے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ہم اپنے مقصد میں کافی حد تک کامیاب جا رہے ہیں اور ملک میں وحدت کی فضا قائم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ہم نے مذہبی میدان کیساتھ سیاسی میدان بھی خالی نہیں چھوڑا اور ایم ڈبلیو ایم اس وقت ملت تشیع پاکستان کی ایک موثر آواز بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں بھی احسن انداز میں ملت کیلئے آواز اٹھائی اور حکومتی حلقوں سے بھی اپنے مسائل حل کروانے میں کامیاب رہے۔
علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ نومنتخب اراکین اپنی ذمہ داریاں عبادت سمجھ کر نبھائیں، اس کا صلہ خداوندقدوس کی ذات ہی دے گی۔