وحدت نیوز (لاہور) بلدیاتی انتخابات میں کالعدم جماعتوں کے ساتھ اتحاد نے سیاسی و لبرل جماعتوں کے پول کھول دیے،بدقسمتی سے ہمارے سیاستدان اقتدار کے حصول کے لئے ملکی و قومی مفادات کو داوُ پر لگانے سے بھی نہیں کتراتے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصلحت پسندی کاشکار حکمران اور سیاسی اشرافیہ ہی سب سے بڑی رکاوٹ ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخا لق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں عالمی دہشت گرد اور صیہونی آلہ کار گروہ ،،داعش،، کے ہمدردوں کیخلاف حکمرانوں کی خاموشی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور نیشنل ایکشن پلان کو ناکام بنانے کی سازش ہے،دارالخلافہ میں موجود مٹھی بھر انتہا پسندوں پر قابو نہ پا سکنے والی حکومت سے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی امید رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،بلوچستان،سندھ اور خیبر پختونخواہ میں ہماری نسل کشی جاری ہے،دوسری طرف پنجاب میں ہمیں دیوار سے لگانے کا عمل جاری ہے،ملت تشیع کا جرم یہ ہے کہ اس نے ہمیشہ اسوہ حسینی پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ امن ،محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا،انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کیخلاف علم بغاوت بلند کیا،ملکی سلامتی و استحکام کے لئے ہزاروں شہداء کی قربانیاں دیں،معاشرے میں عدم تشدد اور وحدت و اخوت کے لئے کلیدی کردار ادا کیا،وطن دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب ہونے کا موقع نہیں دیا،اور اگر عاقبت نااندیش حکمرانوں کی نظر میں یہ جرم ہے تو ہم یہ جرم کرتے رہیں گے،ہم شہادتوں اور دہشت گردوں اور ان کے سیاسی سرپرستوں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والے نہیں،انشااللہ ہم وطن عزیز کی سلامتی و بقا کے لئے اپنے خون کی آخر قطرے تک جدو جہد جاری رکھیں گے،اور دہشت گرد اور ان کے آقاوُں کے ناپاک اداروں کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔