وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی صوبائی کابینہ کا اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ پنجاب میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبہ پنجاب کی کابینہ کے تمام اراکین شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت علامہ عبدالخالق اسدی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ چہلم امام حسین ؑ کے روٹ پر قد غن ناقابلِ برداشت ہوگا۔ ہم مر تو سکتے ہیں لیکن روٹ سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ حکومت شر پسندوں کولگام دے نہ کہ محب وطن پر امن شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالے ۔مذہبی جلوسوں پر پابندی کی باتیں کرنے والوں کی سازش سے ہم بخوبی آگاہ ہیں انشا ء اللہ اس کوکبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
اجلاس میں چہلم امام حسین ؑ کے ساتھ ربیع الاول میں عید میلاد النبی کو بھی شایانِ شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت بانیان مجالس،اور عزاداروں کے خلاف جھوٹے مقدمات اور ایف آئی آر فوری خارج کریں بصورت دیگر پنجاب بھر میں احتجاج پر ہم مجبور ہوں گے۔اجلاس میں ملا عبدالقادر کی بنگلہ دیش میں پھانسی کو بنگلہ دیش کی پاکستان دشمنی کا واقعہ قرار دیتے ہوئے مذمتی قرار داد منظور کی اور ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اجلاس میں راولپنڈی فرقہ وارانہ سازش کیس پر پنجاب حکومت کے یکطرفہ رویے کی مذمت کی۔