عزاداری پر حکومتی پابندیوں کیخلاف ایم ڈبلیوایم کا لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ

19 اکتوبر 2015

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر چاروں صوبوں سمیت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں حکمرانوں کی جانب سے محرم الحرام اور عزاداری نواسہ رسولۖ سید شہداء کیخلاف متعصبانہ کارروائیوں کیخلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں لاہور پریس کلب کے باہر ہونیوالے مظاہرے میں چاروں صوبوں بالخصوص پنجاب میں ملت جعفریہ کیخلاف متعصبانہ کارروائیوں کیخلاف عزداران نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علماء، ذاکرین اور بانیان مجالس کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان دہشتگردی اور انتہاپسندی کی عفریت کے خاتمے کیلئے بنایا گیا تھا، بدقسمتی سے ہمارے عاقبت نااندیش حکمران اسے محرم الحرام میں نواسہ رسولۖ کے نہتے اور پرامن عزاداروں کیخلاف استعمال کر کے ان سے مذہبی آزادی جو پاکستان کے آئین و قانون نے ان کو دی ہے، سلب کر رہے ہیں، جو ہمارے لئے کسی طور بھی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عزاداری سید شہداء کے بغیر زندگی کو موت پر ترجیح دیتے ہیں، پنجاب کے حکمران ملت جعفریہ کیخلاف متعصبانہ کارروائیوں سے باز رہیں، ذاکرین اور علما کی ضلع بندیاں قابل مذمت ہیں، انہیں ہم ذکر محمد و آل محمد کیساتھ دشمنی قرار دیتے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سربراہ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ روایتی جلوس ہائے عزاء اور چار دیواری کے اندر خواتین کی مجالس پر ہمیں کسے سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، ایمپلی فائر ایکٹ سے عزاداری سید شہداء کو مثتثنیٰ قرار دیا جائے، ہم لاکھوں کے اجتماعات کو لاوڈ سپیکر کے بغیر کنٹرول نہیں کر سکتے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس علامتی احتجاج کے بعد حکمران ہمیں اپنے آئینی و قانونی حق روکنے کی کوشش نہ کریں بصورت دیگر ملک بھر میں عزاداری کی مجالس و جلوس ہائے عزاء سڑکوں اور شاہراہوں پر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کس کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے، دہشتگردوں کے سرپرستوں اور داعش، النصرہ، بوکو حرام جیسے درندہ صفت گروہوں کے سرپرست بادشاہوں کے نظام کو ہم قائداعظم کے پاکستان میں نافذ نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری سید شہداء کیلئے ہم اپنی جانیں دینے کو تیار ہیں لیکن اس کیخلاف کسی بھی قدغن کو برادشت نہیں کریں گے، تاریخ گواہ ہے دنیا کا کوئی بھی ظالم و جابر آج تک نہ اس عزاداری کو روک سکا ہے نہ عزاداران امام مظلوم اسے رُکنے دینگے۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ پنجاب کے طول و عرض میں عزاداران امام مظلوم کیخلاف ایک منظم منصوبی بندی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، علماء، ذاکرین، بانیان مجالس کو ہراساں کیا جا رہا ہے، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، ہم ان کارروائیوں کو ن لیگ کی جانب سے انتقامی کارروائیوں تصور کرتے ہیں، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ملک بھر میں نہ ختم ہونیوالے احتجاجی مظاہرے شروع ہونگے، جو ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کے پرامن شہری ہیں، خدا کا شکر ہے کہ اس ملت سے تعلق رکھنے والوں نے کبھی بھی پاکستان کی سلامتی کیخلاف کوئی قدم نہیں اُٹھایا، ہم نے پاکستان کی سلامتی و بقا کیلئے 24 ہراز سے زائد جانوں کے نذرانے پیش کئے، لیکن ملکی سلامتی پر آنچ تک نہیں آنے دی، پنجاب کے حکمران ہمارے قاتلوں کی سرپرستی کرتے رہے، آج بھی یہ انتقامی کارروائیاں دہشتگردوں کی خوشنودی کیلئے کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عزاداری سید شہداء ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، ہم اس سے ایک ایچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، پنجاب میں علماء و ذاکرین پر ضلع بندیاں ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کو محدود کرنے کے سازشی ایجنڈے کو ہم کامیاب نہیں ہونے دینگے، ظالم اور مظلوم کو ایک لاٹھی سے ہانکنے کا عمل ختم ہونا چاہئے، ایمپلی فائر ایکٹ سے مجالس عزاء کو مستثیٰ قرار دیا جائے، ذکر محمد آل محمد میں کسی کی دل آزاری نہیں بلکہ وحدت، اخوت اور محبت کا پیغام دیا جاتا ہے، آج کے اس علامتی مظاہرے کے بعد بھی حکمرانوں کا رویہ یہی رہا تو ہم ملک گیر احتجاج پر مجبور ہونگے۔ مظاہرین سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی رہنما توقیر عباس، علامہ وقارالحسنین نقوی، شیخ عمران علی، افسر حسین خان سمیت دیگر رہنماوُں نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں عزاداران و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومتی غنڈہ گردی کیخلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree