لاہور، ایم ڈبلیو ایم کا احتجاجی دھرنا، شب برات بھی دھرنے میں منانے کا اعلان

22 مئی 2016

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتالی تحریک کو 8 دن مکمل ہونے پراظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر مظاہرے، علامتی دھرنے اور مختلف شہروں میں بھوک ہڑتال، مطالبات کی منظوری اور عملدرآمد تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ لاہور پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں احتجاجی مظاہرہ و علامتی دھرنا دیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین ہاتھوں میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف پلے کارڈ تھامے حکومت کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرے میں علمائے کرام، ذاکرین، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ مظاہرے میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی کا کہنا تھا کہ ملک میں نہ رکنے والی شیعہ نسل کشی کیخلاف ہم پرامن طور پر میدان میں نکل چکے ہیں انشااللہ ہماری یہ تحریک ظالموں کو انجام تک پہنچانے تک جاری رہیگی، ملت جعفریہ گذشتہ 8 دنوں سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں سراپا احتجاج ہے، ہمیں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بے حس حکمرانوں اور ریاستی اداروں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، ہم انصاف لئے بغیر گھروں کو نہیں لوٹیں گے، اور ہم اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بے حسی اس بات کی دلیل ہے کہ وہ ملت جعفریہ کیخلاف ان کارروائیوں میں شریک ہے، ہمیں حق لینے کیلئے جان کی قربانی بھی دینی پڑے تو ہم اس کیلئے تیار ہیں، لیکن ظلم و بربریت پر خاموش نہیں رہیں گے۔

علامہ مبارک موسوی مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمران سن لیں ہم مزید ظلم سہنے کیلئے تیار نہیں، ہمارے ہزاروں شہداء کے قاتلوں کی سرپرستی چھوڑ دیں اور مصلحت پسندی کے خول سے باہر نکلیں، ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ ہے، جس سے ہم بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال اور احتجاج مظلوم پاکستانیوں کو انصاف دلانے کیلئے ہے، ہم نے پرامن احتجاج کرکے شدت پسندی کیخلاف علم بغاوت بلند کیا ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، قوم ہماری احتجاجی تحریکوں سے بخوبی واقف ہے۔ علامہ مبارک موسوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانیوں کا قتل عام کرنیوالے درندہ صفت دہشتگردوں کو ماضی میں بدقسمتی سے ہمارے ریاستی اداروں کی مکمل سرپرستی حاصل رہی جس کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے، بدترین آمر جنرل ضیاء کے پالے یہ دہشتگرد آج قائد اور اقبال کے پاکستان کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، اقتدار کی نشے میں دھت آمروں نے اپنی کرسی بچانے کیلئے ایسے درندوں کو پالا آج پاکستان میں کوئی مکتبہ فکر و مذاہب کے لوگ محفوظ نہیں، آپریشن ضرب عضب کے نام پر قوم کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے، پاکستان میں ملت جعفریہ کی نسل کشی میں انہی عناصر کا کلیدی کردار ہے جو کبھی ریاستی اداروں کے منظور نظر تھے، آج علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی احتجاجی تحریک کی حمایت میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی سڑکوں پر موجود ہیں، ہم مزید لاشیں اٹھانے کے متحمل نہیں، انشاللہ ہم اپنے مطالبات کی منظوری تک سڑکوں پر رہیں گے اور اپنی پرامن جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔

مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین خواتین کی رہنما خانم سکینہ مہدوی کا کہنا تھا کہ کربلائے پاکستان میں بے دری سے ملت جعفریہ کے قتل عام کے ذمہ دار حکومت اور ریاستی ادارے ہیں جو ہمیں تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں، اس وقت ملت جعفریہ کے مظلوموں کے پاس سڑکوں پر نکل کر فریاد کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا ہمیں آئین و قانون کی پاسداری اور ملکی سلامتی کو مقدم رکھنے کی سزا دی جا رہی ہے، دشمن ہمیں تشدد کے راستے پر ڈالنے کی کوشش میں ہے تاکہ ملک خانہ جنگی کا شکار ہو، ہم ان سازشوں کا کامیاب نہیں ہونے دینگے پاکستان بنانے میں ہمارے آباواجداد نے جانی و مالی قربانیاں دیں اور ہم اس کو بچانے میں بھی ہر طرح کی قربانی کیلئے تیار ہیں، لیکن ہم ماضی کے ریاستی اداروں کے پالتو دہشتگردوں کے ہاتھوں اپنا قتل عام نہیں ہونے دینگے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان کے تمام مظلوموں کیلئے آواز بلند کی ہے اور انشااللہ ہم اپنے آئینی و قانونی مطالبات کے تسلیم ہونے تک میدان میں حاضر رہیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے شب برات کو پریس کلب کے سامنے اجتماع کا اعلان کیا جس میں لاہور بھر سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہونگے، مظاہرے میں علامہ محمد خان مہدوی، علامہ وقارالحسنین نقوی، علامہ ابوذر مہدوی، سید سجاد بخاری، سید حسنین زیدی، رانا ماجد علی، رائے ناصر علی، رضا حسین خاں، افسر حسین خان سمیت دیگر عمائدین لاہور نے شرکت کی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree