وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کے خاتمے کیخلاف اور گلگت بلتستان میں جاری عوامی ایکشن کمیٹی کی 12 روز سے جاری عوامی دھرنوں جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہیں، کی حمایت میں پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی کیمپ چوتھے روز بھی جاری ہے۔ احتجاجی کیمپ میں دورے کے موقعے پر سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ ایک عشرے سے کھلے آسمان تلے بے حس حکمرانوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، گھڑی باغ گلگت اور یادگار چوک سکردو تحریر چوک بنا ہوا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ وہاں کے بے حس حکمران اور وفاقی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی بے حسی عوامی احتجاج کو سول نافرمانی کی طرف لے کر جارہی ہے۔ گلگت بلتستان کے پرامن عوام کو آخر کس چیز کی سزا دی جا رہی ہے۔
علامہ عبدالخالق اسدی نے پاکستان میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار ہمدردی اور ان کے سو فیصد جائز مطالبے کی حمایت کے لئے میدان میں نکلیں اور بے حس حکمرانوں کیخلاف اُٹھنے والی اس تحریک کی حمایت کر کے سرزمین بے آئین گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار ہمدردی کریں، علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین کے سیاسی کونسل نے بھی گلگت بلتستان کے موجودہ صورتحال پر غور کے لئے سیاسی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا ہے جو کہ صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی کی صدارت میں جاری ہے، کل 27 اپریل شام 5 بجے اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ اور پریس کانفرنس کے ذریعے آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔