وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت دہشت گردی، کرپشن اور سندھ کے ایشوز پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ آل پارٹیز کانفرنس سے سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبد الحمید میمن، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سینیئر نائب صدر حلیم عادل شیخ اور صوبائی نائب صدر ڈاکٹر مستنصر بااللہ، جماعت اسلامی حیدر آباد کے ضلعی امیر حافظ محمد طاہر مجید، قومی عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر عزیز ٹالپر اور میڈیا سیکرٹری قومی عوامی تحریک محمد اشرف پلیجو، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سید یار محمد شاہ، پی ایس پی کے رہنماء سید احمد رشید، معروف دانشور ذوالفقار ھالیپو ٹو، جمیعت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی نائب صدر مولانا تاج محمد ناھیوں، اہل سنت رہنما علامہ ڈاکٹر مسعود جمال، سندھ مشائخ کونسل کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید محی الدین شاہ، امامیہ آرگنائزیشن کے رہنماء ذوالفقار علی جمانی، پیام ولایت کے عاشق حسین سومرو اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی، صوبائی رہنما علامہ دوست علی سعیدی، یعقوب حسینی و دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے اے پی سی کا 12 نکاتی مشترکہ اعلامیہ پیش کیا، جس کی تمام جماعتوں نے حمایت کی۔ اس موقع پر تمام شریک جماعتوں کے اکابرین پر مشتمل 14 رکنی امن کمیٹی قائم کی گئی، جو دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جدوجہد کرے گی۔ تمام جماعتوں نے 27 جنوری کو دہشتگردی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے اعلانیہ یوم احتجاج کی حمایت کی۔ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دہشت گردی اور مذہبی منافرت و انتہا پسندی معاشرے کیلئے نقصان دہ ہے۔ ہم دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف سندھ کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر سندھ دھرتی کے ایشوز کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبد الحمید میمن مرکزی جنرل سیکرٹری سندھ ترقی پسند پارٹی نے کہا کہ پاکستان کے اندر انصاف اور برابری کی بنیsاد پر سب کے ساتھ سلوک ہو، ہم دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ ہیں۔
کیو اے ٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر عزیز ٹالپر نے کہا کہ سندھ دھرتی نے ہمیشہ امن و محبت کا پیغام دیا ہے۔ صوفیاء کی سرزمین پر دہشت گردی قبول نہیں۔ جے یو آئی (ف) سندھ کے صوبائی نائب صدر مولانا تاج محمد ناھیوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، ڈاکٹر خالد محمود سومرو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنے، ہم دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ ہیں۔ اہل سنت رہنما علامہ ڈاکٹر مسعود جمال نے کہا کہ طالبانی دہشت گرد انسانیت کیلئے خطرہ ہیں، داعش کو بنانے والے اور اس کے سپورٹرز بے نقاب ہوچکے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کہا کہ ملک کے اندر شیعہ، سنی بھی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں، سب مل کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کریں۔ سب قوموں کو برابری کی بنیاد پر حق دیئے جائیں۔ انصاف کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔