ایم ڈبلیوایم کراچی کے تحت پاراچنار کے محاصرے، غذائی قلت ، ادویات کی عدم فراہمی اور معصوم بچوں کی شہادت کے خلاف مختلف اضلاع میں احتجاج

21 دسمبر 2024

وحدت نیوز(کراچی) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر گزشتہ دو ماہ سے ضلع کرم ایجنسی پاراچنار راستوں کی بندش محاصرے اشیائے ضروریہ اور ادویات کی قلت جس کی وجہ معصوم بچوں کی شہادتوں اور حکومتی نا اہلی کے خلاف جمعہ ملک گیر احتجاج کیا گیا۔اس حوالے سے کراچی سمیت سندھ کے اضلاع میں بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی گئیں۔

ایم ڈبلیو ایم سندھ اورکراچی ڈویثرن کی جانب سے جامع مسجدحیدری،اورنگی ٹاؤن، پہلوان گوٹھ، مارٹن روڈ،لانڈھی و کورنگی،ملیر،اسٹیل ٹاؤن سمیت شہر کی دیگر جامع مساجد میں امام جمعہ نے کرم ایجنسی پاراچنار کے موجودہ حالات اور حکومتی نااہلی کے خلاف خطبات دیئے اور احتجاج میں شرکت کی۔

 احتجاجی مظاہرے سے خطاب سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی،علامہ حسن ظفر نقوی،علامہ مختار امامی،مولاناحیات عباس،علامہ صادق جعفری،ملک غلام عباس،مولانا نشان حیدر ، آصف صفوی ،علامہ مبشر حسن  و دیگر رہنماوں نے کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں سے مسلسل قتل عام ہو رہا ہے پارا چنار کے حالات دانستہ طور پر کشیدہ کیے جارہے ہیں،کرم ایجنسی ملک کا حصہ نہیں فلسطین غزہ بن گیا ہے۔ پاراچنار کے راستے بند ہیں، ادویات اور اشیاء خوردونوش کی شدید کمی ہے، گزشتہ دو ماہ سے جاری محاصرے میں 10سے زائد معصوم بچوں کی شہادتیں ہوچکی ہیں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ دیرپا امن کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔

انہوں نے کہا ضلع کرم میں شیعہ وسنی عوام کبھی بھی لڑائی نہیں چاہتے۔ مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کو یقینی بنانے میں عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔پارا چنار کے اعلی انتظامی افسران کو متعدد بار متنبہ کیا جاتا ہے کہ پارا چنار ایک حساس علاقہ اور شرپسندوں کے نشانے پر ہے یہاں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی اشد ضرورت ہے۔لیکن انتظامیہ کی طرف سے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے جاتے جس کی وجہ سے گزشتہ دنوں سفاک دہشتگردوں کے حملے میں معصوم بچے،خواتین اور بزرگوں کی شہادت ہوئی۔

انہوں نے کہا پارا چنار کے معاملے پر انتظامیہ اور اعلی حکومتی عہدیداروں کی غیرسنجیدگی پورے ملک کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔لاکھوں کی آبادی میں عوام محصورہیں ایسا لگتا ہے یہ پاکستان کا حصہ نہیں فلسطین غزہ بن گیا ہے۔وفاقی و صوبائی حکومت سمیت سیکورٹی ادارے اور انتظامیہ دہشتگرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کاروائیاں کرے۔

انہوں نے وفاقی حکومت صدر و وزیر اعظم پاکستان،چیف جسٹس پاکستان، آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ پارا چنار حملوں میں ملوث طالبان،داعش و خوارج دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔ضلع کرم کا محاصرہ ختم کیا جائے اورپاراچنار میں غذائی قلت و ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree