وحدت نیوز(ہنگو) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے ہنگو اور کوہاٹ کے علمائے کرام کیخلاف بلاجوز ایف آئی آرز کے اندراج کو قانون کیساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پرامن لوگوں کو تنگ کرنے کی بجائے دہشتگردوں کو قابو کرے۔ ہم پرامن قوم ہیں، ہم کبھی بھی نہ قانون کو ہاتھ میں لیتے ہیں اور نہ ہی نقص امن کا مسئلہ پیدا کرتے ہیں۔ وحدت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایسی حرکتیں ہرگز نہ کرے جس کی وجہ سے اس کی ساکھ متاثر ہو اور اہل تشیع میں تشویش پھیلے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ علاقہ بنگش کے پرامن شیعہ علمائے کرام کیخلاف درج ایف آئی آرز فوری طور پر منسوخ کی جائیں، بصورت دیگر ہم احتجاج کا راستہ بھی اختیار کرسکتے ہیں۔