وحدت نیوز(پشاور) پاک فوج میں میرٹ پر سپہ سالار کا انتخاب اور عسکری قیادت کا سیاست سے باہر ہونے کا اعلان نیک شگون ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلیمین کے صوبائی کابینہ میں علامہ جہانزیب علی جعفری نے کیا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیاسی اور مذہبی پارٹیاں بھی حقیقی اور جمہوری اقدار کو اپناییں گے ۔ غیر جمہوری رویوں اور سرگرمیوں نے ملک کو دیوالیہ بنا دیا ہے ۔ سیاست کا مقصد مثبت رجحان صحت مند سرگرمیوں امن و سکون و تعمیر وترقی کو یقینی بناناہوتاہے ۔ صاف شفاف انتخابات اداروں میں میرٹ گھر کے دھلیز پر انصاف مہیا کرنا ریاستی مشینری کی اولین ترجیح ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دان بھی اپنی اصلاح کو ترجیحات میں رکھیں ۔ عوام کو بھی اپنے اندر ملکی مفاد اور اجتماعی مفاد کو ذات پر ترجیح دینا ہوگا۔ انفرادی و اجتماعی زندگی سے نفرت دشمنی جھوٹ مکاری و اداکاری کو نکالنا ہوگا ۔ معاشی معاشرتی اقدار کی پاسداری سب کیلیے واجب ہے ۔ اس طرح ہم مثالی معاشرہ اور مثالی ملک بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالنے کیلیے فوری شفاف انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے ۔ لہذہ فوری الیکشن کا اعلان کرنا واحد حل ہے ۔