وحدت نیوز(پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا ہ کےجنرل شبیر حسین ساجدی نے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر قبائل کے درمیان زمینی تنازعہ کا جرگے میں خوش اسلوبی سے حل نیک شگون ہے۔ خطہ ایک سنگین لڑائی اور خون خرابے سے بچ گیا جس پر خدا کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ دونوں طرف کے قبائل ، حکومت اور سیکیورٹی حکام کے درمیان طے شدہ فیصلے علاقائی امن وامان اور ترقی و خوشحالی میں معاون ومددگار ثابت ہوں گے ۔ مجلس وحدت مسلمین جرگے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر زمینوں کے تنازے پر طوری بنگش اور جاجی قوم کے درمیان جاری جرگے کا کامیاب اختتام، بارڈر پر رہنے والے اقوام کا امن سے رہنے اوربھائی چارے کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ ، امن کو بد امنی پر ترجیح دی اور دونوں ممالک افہام وتفہیم سے مسائل حل کرنے پر اتفاق خوش آئند ہے ۔ اس فیصلے سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑی ہے اور بارڈر کے دونوں طرف عوام نے سکھ کا سانس لیاہے ۔
واضح رہے کہ اس سنگین مسئلے کے حل کیلئے گذشتہ دنوں مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخواہ کے صدر علامہ جہانزیب جعفری نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس کی تھی جس میں حکمرانوں اور سکیورٹی اداروں کو اس مسئلے کے فوری حل کی جانب متوجہ کیا تھا۔