وحدت نیوز (ہری پور ہزارہ) مدرسہ عارف حسین الحسینی میں ہونے والے بم دھماکہ کے خلاف ایم ڈبلیو ایم ہری پور ہزارہ کے تحت زبردست احتجاجی ریلی برآمد کی گئی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء بعد از نماز جمعہ جامع مسجد امیر حمزہ (ع) سے مارچ کرتے ہوئے مین بازار ہری پور پہنچ گئے۔ جہاں سے ریلی نے شاہراہ ریشم کا رخ کیا اور پنیاں چوک کے مقام پر دھرنا دیا گیا۔ شرکائے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کے رکن مولانا وحید عباس کاظمی نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ و سنی کا قتل عام وطن عزیز کو کمزور کرنے کی ایک سامراجی سازش ہے۔
رہنماء ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کے ایماء پر تکفیری عناصر پاکستان میں ظلم و بربریت بپا کئے ہوئے ہیں۔ مدرسہ عارف حسین الحسینی پشاور میں ہونے والا دھماکہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی تھی۔ مولانا وحید عباس کاظمی نے وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملت تشیع کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے، جس کی انہیں فوری معافی مانگنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہری پور میں اگر آئندہ شیعہ کافر اور سنی سور کا نعرہ لگا تو انتظامیہ تمام تر حالات کی ذمہ دار ہوگی۔